غیر جمہوری طریقے سے حکومت گرانے کا کوئی ارادہ نہیں ، عمران خان ، الیکشن 2013ء میں دھاندلی کیخلاف آواز اٹھانا ہمارا آئینی حق ہے ، اس کے لئے ہم نے اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا ، چند سیاسی جماعتیں اور حکومت یہ بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہی ہیں کہ ہم غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے حکومت ختم کرنا چاہتے ہیں ، ارسلان افتخار کے حالیہ بیانات پرانی کہانیاں ہیں ان میں کوئی حقیقت نہیں ، جب حکومت کے پاس کچھ نہیں ہوتا تو مجھ پر الزامات عائد کرنا شروع کردیتی ہے ، سربراہ تحریک انصاف کا افطار ڈنر اور فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب

اتوار 20 جولائی 2014 08:37

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کسی بھی غیر جمہوری طریقے سے حکومت ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ،روز اول سے ہمارا موقف رہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی اور اس کے لئے قانونی چارہ جوئی کرتے رہیں گے ، لندن میں گرینڈ افطار و ڈنر سے خطاب اور گومل یونیورسٹی خیبر پختونخواہ کے حوالے سے فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا ایجنڈا انتخابی اصلاحات اور ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد ہے ۔

الیکشن 2013ء میں دھاندلی ہوئی ہے اور اس حوالے سے ہمارا شروع سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ ہم اس کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرینگے ۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت یہ بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہے کہ تحریک انصاف غیر جمہوری طریقے سے حکومت گرانے کا ایجنڈا رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کیخلاف قانونی چارہ جوئی اور آواز اٹھانا کوئی جرم نہیں ہے ہم نے آئینی اور قانونی طریقے سے غیر شفاف انتخابی نظام اور دھاندلی کے خلاف پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا ہے ۔ ارسلان افتخار کے حالیہ الزامات کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ یہ سب پرانی باتیں ہیں جب حکومت کے پاس کچھ ہیں ہوتا تو وہ مجھ پر اس طرح کے بے بنیاد الزامات عائد کرتی ہے ۔