شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ،11 مشتبہ دہشت گرد ہلاک،ہلاک ہونے والے تمام افراد پنجابی طالبان تھے، اُردو پوائنٹ نے نام حاصل کر لئے ،ڈرون حملے علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے منافی ہیں، دفترخارجہ

اتوار 20 جولائی 2014 08:35

میران شاہ،اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء) قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں11 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ فرانسیسی خبررساں ادارے ' نے علاقے میں موجود ایک سینئر سکیورٹی اہلکار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں مرنے والوں کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان کے دھڑے 'پنجابی طالبان ' سے تھا۔ حملہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق تقریباً دو بجے شمالی وزیرستان کے قصبے دتہ خیل کے نواحی علاقے مداخیل میں کیا گیا۔

سکیورٹی اہلکار نے بتایا ہے کہ امریکی ڈرون نے مشتبہ شدت پسندوں کے زیرِ استعمال ایک احاطے پر آٹھ میزائل فائر کیے۔سکیورٹی اہلکار نیدعویٰ کیا ہے کہ مرنے والوں میں پاکستانی طالبان کے دو سینئر کمانڈر بھی شامل ہیں تاہم اہلکار نے ان کمانڈروں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

حملے کے بعد بھی علاقے میں ڈرون طیاروں کی پروازیں کافی دیر تک جاری رہیں،جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا،خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں گزشتہ ماہ کے وسط سے پاکستانی فوج طالبان شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جس میں اب تک 450 سے زائد شدت پسند اور 25 فوجی اہلکار مارے جاچکے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے علاقے میں ڈرون حملے ایک بار پھر شروع ہوگئے ہیں جو اس سے پہلے چھ ماہ تک معطل رہے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ 12 جون سے اب تک ایجنسی میں چار امریکی ڈرون حملے ہو چکے ہیں جن میں شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔پاکستان کے فوجی حکام نے اس تاثر کی بارہا تردید کی ہے کہ یہ حملے ان کی رضامندی اور تعاون سے ہورہے ہیں۔

گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے نام اُردو پوائنٹ نے حاصل کر لئے ہیں ۔ ہلاک ہونے والوں میں عصمت اللہ معاویہ گروپ سے الگ ہونے والے علی معاویہ گروپ کے ارکان اور ان کا سربراہ شامل ہے ۔ ہلاک ہونے والوں میں علی معاویہ، کمانڈر راشد علی بھٹی، مولانا عبداللہ ، حافظ کاشف الرحمن آف کراچی، عمر رشید خان ، حضرت اللہ ، گُل سکھ خان ، محمد سلمان ، ہدایت اللہ اور رفیق افغانی شامل ہیں ۔

ادھرپاکستان نے میرانشاہ میں ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملے علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے منافی ہیں،ترجمان دفترخارجہ تسنیم اسلم کے مطابق ڈرون حملے امن کے لئے حکومتی اقدامات پر منفی اثرات ڈالتے ہیں،امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں،ڈرون حملے میں کسی جانوں کا ضیاع ہوا ہے،پاکستان ڈرون حملوں کو اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے منافی سمجھتا ہے۔