وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کا دورہ کریں تو بھرپور استقبال کیا جائے گا‘ عبدالباسط ،حافظ سعید کے خلاف کارروائی کیلئے کوئی ٹھوس شواہد نہیں‘ پریس کلب انڈیا میں گفتگو

ہفتہ 19 جولائی 2014 08:06

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جولائی۔2014ء) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی جب بھی پاکستان کا دورہ کریں گے ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔ صحافی پرتاب ویدیک اور حافظ سعید کی ملاقات بارے کوئی علم نہیں ہے جماعت الدعوة کے سربراہ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق پریس کلب آف انڈیا میں ایک تقریب کے موقع پر انہوں نے کہا کہ جب بھی نریندر مودی پاکستان آئیں گے ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔

تاہم انہو ں نے اعلیٰ سطحی دورے مناسب تیاریوں کے بغیر نہیں ہوتے اور اس دورے کے بارے میں ابھی سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں ان کے پاکستانی ہم منصب کی شرکت خوش آئند تھی انہوں نے کہا کہ نریندر مودی بھی اسی ایجنڈے پر پر عزم ہیں انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان اور بھارت مل بیٹھ کے اختلافات بھلا کر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیں

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل کی تمام تر جڑیں کشمیر سے جاکر ملتی ہیں اور تمام تنازعات کے اداروں کا اور ریجن جموں و کشمیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمیں تمام ایشوز حل کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے بھی مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے بھی دونوں ممالک کو روابط کے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء اور اقتصادی تعاون تنظیم کے درمیان پل کا کام کرنے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات کتنی شرمناک ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک طویل مشترکہ سرحد ہونے کے باوجود کوئی فضائی رابطہ نہیں ہے

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے شہریوں کیلئے موبائل فونز کی رومنگ سہولت ایک دوسرے ملک میں ہونے بارے ایک تجویز پر غور کررے ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو ماحولیاتی تبدیلی‘ حقوق انسانی اور امن کے حوالے سے مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے 23 جون کو شروع ہونے والے بھارتی ٹی وی چینل ”زندگی“ جس میں پاکستانی پروگرام دکھائے جارے ہیں کو بھی خوش آئند اقدام قرار دیا اور کہا کہ ان دونوں ممالک کے درمیان روابط کو فروغ ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارتی صحافی پرناب ویدیک اور حفظ سعید ملاقات بارے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت الدعوة کے سربراہ کے خلاف ہمارے پاس ایسے کوئی شواہد نہیں ہیں جن کی بنا پر انہیں گرفتار کیا جائے انہوں نے کہا کہ حافظ سعید کو جیل میں ڈالنے کیلئے ہمیں ٹھوس شواہد چاہیں۔