یوم آزادی کی مرکزی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ڈی چوک کی بجائے پارلیمنٹ ہاؤس کی حدود میں ہی ہوگی، وزیر اعظم نواز شریف پر چم کشائی اور قوم سے براہ راست خطاب بھی کرینگے ، پہلی بار مسلح افواج کی پریڈ بھی ہوگی، قومی اسمبلی کا اجلاس ہونے کی صورت میں13اگست کو یوم آزادی کے حوالے سے اراکین اسمبلی تقاریر کرینگے، قومی ترانہ بجایا جائے گا ، فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ کا چودہ اگست کی پریڈ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ ، سیکورٹی فوج کے سپرد ہوگی

ہفتہ 19 جولائی 2014 07:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جولائی۔2014ء)یوم آزادی کی سب سے بڑی مرکزی تقریب 13اور14اگست کی درمیانی شب پارلیمنٹ ہاوٴس کے احاطے میں ہوگی جودوسے اڑھائی گھنٹے پرمحیط ہوگی ،اس میں پرچم کشائی اورپاک فوج کی طرف سے فائرورک کامظاہرہ کیاجائیگا۔باخبرذرائع کے مطابق یہ تقریب رات دس بجے شروع ہوگی جوساڑھے بارہ بجے تک ہونے کی توقع ہے ،تقریب میں وزیراعظم محمدنوازشریف قومی پرچم لہرائیں گے ا وران کاخطاب بھی متوقع ہے جبکہ مسلح افواج کے سربراہان ،ارکان پارلیمنٹ ،وفاقی وزراء اورمختلف ممالک کے سفیربھی تقریب میں شریک ہوں گے ۔

تقریب میں 160جوانوں پرمشتمل دستہ گارڈآف آنرپیش کریگااوراس میں پاک فوج کے جوان فائرورک کامظاہرہ کریں گے ۔ذرائع کے مطابق تقریب میں ملی نغمے گائے جائیں گے اوراس کے حفاظتی انتظامات پاک فوج اوردیگرقانون نافذکرنے والے ادارے مل کرکریں گے ،مجموعی طورپرنگرانی فوج کے جوانوں کے سپردہوگی اوردیگراداروں کے لوگ ان کے ماتحت فرائض سرانجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تقریب کے گردکئی تہوں پرمشتمل سیکورٹی نظام نافذکیاجائیگاجبکہ تقریب کی فضائی نگرانی بھی ہوگی ۔ذرائع کے مطابق چودہ اگست کوسرکاری طورپرکوئی بڑی تقریب نہیں ہوگی تاہم حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی طرف سے بعض پروگرام ترتیب دیئے جارہے ہیں ۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے چودہ اگست کوآزادی مارچ کااعلان کررکھاہے اوران کاکہناہے کہ وہ دس لاکھ افرادکوپارلیمنٹ ہاوٴس کے باہرڈی چوک پرجمع کریں گے خبر رساں ادارے کے مطابق یوم آزادی کی مرکزی تقریب چودہ اگست کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ڈی چوک کی بجائے پارلیمنٹ ہاؤس کی حدود میں ہی ہوگی جس میں پہلی بار مسلح افواج کی پریڈ بھی ہوگی جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس ہونے کی صورت میں تیرہ اگست کو یوم آزادی کے حوالے سے اراکین اسمبلی تقاریر کرینگے اور قومی ترانہ بجایا جائے گا ، فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ نے چودہ اگست کی پریڈ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ بھی کیا ہے ۔

تقریب کی سیکورٹی فوج کے سپرد ہوگی ۔حکومتی ذرائع کے مطابق چودہ اگست کو یوم آزادی کی مرکزی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس اور کابینہ ڈویژن کے درمیان موجود خالی جگہ پر ہوگی اور یہ مقام ایوان صدر کے بالکل سامنے ہے وہاں پر سی ڈی اے نے انتظامات بھی شروع کر دیئے ہیں اس مرکزی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف پر چم کشائی کرینگے اور قوم سے براہ راست خطاب بھی کرینگے ، مسلح افواج کے سربراہان ، چئیرمین سینیٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ، وفاقی وزراء ،سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت دیگر آئینی اداروں کے سربراہان، غیر ملکی سفار ت کاروں اور اراکین پارلیمنٹ کواس تقریب میں شرکت کے دعوت نامے بھجوائے جائیں گے جبکہ تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی قیادت کو بھی مدعو کیا جائے گا ، مسلح افواج کی پریڈ بھی پارلیمنٹ ہاؤس کی حدود کے اندر ہوگی اور اسی لئے وہاں سی ڈی اے نے انتظامات شروع کر دیئے ہیں سیکیورٹی انتہائی سخت ہوگی اور اراکین پارلیمنٹ کے ڈرائیوروں کے لئے بنائے گئے شیڈز کو بھی گرا دیا جائے گا اسے فوجی حکام نے سیکیورٹی رسک قرار دیا تھا ،

پریڈ کے مقام کا جائزہ لینے کے لئے ٹرپل ون بریگیڈ کے افسران نے پارلیمنٹ ہاؤس کادورہ بھی کیا اور وہاں پولیس کے متعلقہ ڈی ایس پی و دیگر حکام سے پریڈ کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ذرائع نے بتایا کہ پریڈ کے دن سیکیورٹی فوج کے سپرد ہوگی جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعنیات ہوگی دوسری طرف سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تیرہ اگست کو تمام اراکین پاکستانی جھنڈا بنا بیج اپنے سینے پر لگاکر آئیں گے ، ایوان کے اندر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین کو یوم آزادی کے حوالے سے تقاریر کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گاجس میں تحریک انصاف بھی شامل ہوگی