حکومت کسی بھی لانگ مارچ سے خوفزدہ نہیں : پرویز رشید، حکومت کے پاس چار حلقوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا کوئی اختیار نہیں ہے،کسی کو کوئی شکایت ہے تو اسے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرنا چاہیے،مسلح افواج ہمارے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے شمالی وزیرستان میں جنگ لڑ رہی ہیں، اس اہم مرحلے پر کسی قسم کا اختلاف قوم کیلئے نیک شگون نہیں ہوگا،انٹرویو

جمعہ 18 جولائی 2014 08:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء )وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت کسی بھی لانگ مارچ سے خوفزدہ نہیں ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کرنیوالی سیاسی جماعتیں آئندہ سال مارچ میں متوقع سینٹ انتخابات سے فرار چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ حکومت کے پاس چار حلقوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا کوئی اختیار نہیں ہے اور اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو اسے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو احساس کرنا چاہیے کہ مسلح افواج ہمارے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے شمالی وزیرستان میں جنگ لڑ رہی ہیں اور اس اہم مرحلے پر کسی قسم کا اختلاف قوم کیلئے نیک شگون نہیں ہوگا۔ انہوں نے عمران خان پر زور دیا کہ بے گھر افراد کی مدد کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں کیونکہ ان کے پاس اگلے چار سالوں میں سیاست کرنے کیلئے کافی وقت موجود ہے۔