وزیراعظم کی رائیونڈ میں رہائش سے صرف اڑھائی کلومیٹر کے فیصلہ پر پنڈ آرائیاں میں پولیس اور ایلیٹ فورس کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن،2دہشتگرد ہلاک،1پولیس اہلکار شہید، چار زخمی، دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس‘ بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد، دہشت گرد وزیراعظم ہاؤس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے،دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوجانا چاہئے،شجاع خانزادہ کی میڈیا سے گفتگو، کامیاب آپریشن پر وزیر اعظم کا پولیس اہلکاروں کو مبارکباد

جمعہ 18 جولائی 2014 07:53

رائیونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء)وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جاتی امراء رائیونڈ میں رہائش سے صرف اڑھائی کلومیٹر کے فیصلہ پر پنڈ آرائیاں میں پولیس اور ایلیٹ فورس کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن،ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرا زخمی حالت میں گرفتارکیا گیا جو بعد ازاں دم توڑ گیا ،1 اہلکار بھی شہید اور چار زخمی ہوگئے، دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس‘ بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا‘ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت احسن محبوب کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق اوکاڑہ سے ہے،صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد وزیراعظم ہاؤس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے،دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوجانا چاہئے ۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹ پر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رائیونڈ کے علاقے پنڈ آرائیاں میں پولیس‘ ایلیٹ فورس اور سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا جس پر دہشت گردوں نے پولیس پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعہ کے بعد مزید فورسز کی نفری طلب کی گئی جو جائے قوعہ پر پہنچ گئی لیکن گاؤں کے لوگوں کی اطلاع ملنے پر کہ گھر میں بچے اور خواتین موجود ہیں‘ کی وجہ سے آپریشن میں تاخیر کی گئی اور دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کی وارننگ دی گئی لیکن دس گھنٹے کی طویل وارننگ اور جدوجہد کے بعد سکیورٹی فورسز نے کامیاب گرینڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جسے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے منتقلکیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا سکا۔

دہشت گردوں میں سے ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت احسن محبوب کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق اوکاڑہ سے ہے جبکہ حساس اداروں نے مزید تفتیش کیلئے دائرہ کار بڑھادیا ہے۔ واقعہ کے بعد صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں ایک دہشت گرد کو ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں بارودی مواد‘ خودکش جیکٹیں اور اسلحہ برآمد کیا گیا جسے ٹیسٹ کیلئے بھجوادیا گیا ہے۔

شجاع خانزادہ نے کہا کہ آپریشن میں صرف وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے حکم پر تاخیر کی گئی تاکہ گھر میں موجود بچوں اور خواتین کو نشانہ نہ بنایا جاسکے۔ شجاع خانزادہ نے کہا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد کوئی بچہ چے یا خاتون گھر سے برآمد نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک ماہ قبل پانچ ہزار روپے کرائے پر مکان حاصل کیا تھا۔ یہ دہشت گرد صرف دودھ اور اشیائے خوردونوش لینے کیلئے گھر سے باہر آتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد وزیراعظم ہاؤس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے اور پنڈ آرائیں میں دہشت گردوں کے مکان اور وزیرعظم ہاؤس کے درمیان اڑھائی کلومیٹر کا فاصلہ تھا۔ شجاع خانزادہ نے کہا کہ دہشت گردی اس وقت تک ختم نہیں ہوسکتی جب تک ہم سب متحد نہ ہوجائیں۔ آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام سیاسی کرداروں کو متحد ہونا ہوگا اور لانگ مارچ کی بجائے دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کریں کیونکہ دہشت گردوں کا ٹارگٹ تمام سیاسی جماعتیں اور معصوم عوام ہیں۔

لاہور کے نواحی قصبے پنڈرائیاں رائیونڈ میں پولیس اورسیکورٹی اداروں کے آپریشن میں زخمی ہونیوالادوسرا دہشت گردبھی دم توڑ گیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور3زخمی ہوئے -زخمی ہونے والے پولیس اہلکار جناح ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں،دو اہلکاروں کو ٹانگ اور پیٹ میں گولیاں لگیں اورایک کا بازو ٹوٹا ہے،مرنیوالے دہشت گردکی کی شناخت احسن محبوب کے نام سے ہوئی ہے جوکہ حجرہ شاہ مقیم اوکاڑہ کا رہائشی بتایاگیا ہے۔

پنڈ ارائیاں آپریشن کے دوران زخمی ہونیوالے پولیس اہلکاروں ساجد ،افضل ورمظفرکوجناح ہسپتال لایاگیا،یہ اہلکار ہسپتال کے انتظامات سے نالاں دکھائی دیئے،ان کا کہنا تھا کہ کئی گھنے انتظار کے باوجودجسم سے گولیاں نہیں نکالی جا رہیں،تاہم ہسپتال انتظامیہ کامو قف تھا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہرہے،جلد آپریشن کرکے گولیاں نکال دی جائیں گی،زخمی اہلکار محمد افضل نے بتایا کہ دہشت گرد مختلف قسم کا اسلحہ استعمال کر رہے تھے،مشیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے زخمیوں کی عیادت کی ،انہوں نے میڈیا سے گفتگومیں کہاکہ دہشت گردی کہیں بھی ہوسکتی ہے،پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے،رائے ونڈ آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی لاش بھی پوسٹمارٹم کے لیے جناح ہسپتال لائی گئی،ذرائع کے مطابق اس کی شناخت احسن محبوب کے نام سے ہوئی ہے اوروہ حجرہ شاہ مقیم اوکاڑہ کا رہائشی بتایاگیاہے۔

سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے آپریشن میں دو شدت پسندوں سمیت ایک سکیورٹی اہلکار کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ پنجاب کے صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے رائیونڈ آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حلیے سے دہشتگرد مقامی لگتے ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کی رہائشگاہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔رائیونڈ کے نواحی گاوٴں پنڈ رائیاں میں دہشتگردوں کے خلاف 10 گھنٹے بعد کامیابی سے اختتام پذیر ہونے والے آپریشن پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ کمپاوٴنڈ سے خودکش جیکٹس، دستی بم اور دیگر بھاری تعداد میں اسلحہ برا آمد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے اور قوی امکان ہے کہ دہشتگرد وزیراعظم کی رہائش گاہ جاتی عمرہ سمیت دیگر اہم شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جس کے لئے اس مکان میں منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔دہشتگردوں کے کمپاوٴنڈ میں خواتین کی موجودگی کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر اطلاعات تھیں کہ گھر میں خواتین بھی ہیں تاہم سیکیورٹی فورسز کے آپریشن سے قبل ہی خواتین گھر چھوڑ چکیں تھیں ادھروزیر اعظم نواز شریف نے لاہور میں کامیاب آپریشن پر پولیس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موثر معلومات اور بہتر رابطوں سے دہشت گردوں کے خلاف کامیابی ممکن ہے۔

لاہور میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بعد وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس نے دہشت گردوں کی کمیشن گاہ میں گھس کر ان کا خاتمہ کیا اور پولیس کی کامیابی کارروائی کے موثر رابطے کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ موثر معلومات اور بہتر رابطوں سے دہشت گردی کے خلاف کامیابی ممکن ہے ۔وزیر اعظم نے کامیاب آپریشن پر لاہور پولیس کو مبارکباد بھی پیش کی۔