قوم ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے ، وزیراعظم ،قوم اور فوج مل کر پاکستان کو امن اور استحکام کا گہوارہ بنائینگے ،فو ج کوہرجنگ لڑنے میں تمام وسائل فراہم کریں گے ، ،فوجی آپریشن کامقصدریاست میں رٹ کاقیام ہے، وزیراعظم کی وفاقی وزراء کے ہمراہ دورہ جی ایچ کیو کے موقع پر گفتگو ، چاک وچوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا، اعلیٰ فوجی افسران نے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے بریفنگ دی

جمعہ 18 جولائی 2014 07:53

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں کامیاب پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو اپنے غازیوں اور شہیدوں پر فخر ہے اور وہ ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے ، قوم اور فوج مل کر پاکستان کو امن اور استحکام کا گہوارہ بنائینگے ۔

وزیراعظم نے جمعرات کو وفاقی وزراء کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا یہاں آمد پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا ۔ نواز شریف نے یادگار شہداء پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔ جی ایچ کیو آمد پر فوج کے چاک وچوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور اعلیٰ فوجی افسران نے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے جاری آپریشن کی کامیابی پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی مادر وطن کیلئے قربانیاں پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرتی ہیں قوم کو اپنے شہیدوں اور غازیوں پر فخر ہے اور ہم فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ مسلح افواج اہداف کے مطابق مقاصدحاصل کررہی ہیں پوری قوم اس جنگ میں پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پاک فوج نے مطولبہ کامیابیاں حاصل کی ہیں ،پاک فوج ایف ڈی ایم اے ،سیفران اورنادراحکام کے درمیان رابطہ میں اہم کردارہے ،فوج انٹیلی جنس ادارے دہشتگردوں کاپیچھاجاری رکھیں گے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ فوج یہ جنگ ملک کے امن واستحکام کیلئے لڑرہی ہے ، فوج کوہرجنگ لڑنے میں تمام وسائل فراہم کریں گے ،ہماری فوج مطلوبہ رفتارسے اپنے مقاصدحاصل کررہی ہے ،فوجی آپریشن کامقصدریاست میں رٹ کاقیام ہے ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیردفاع خواجہ آصف ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔