ایف آئی اے نے ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف تحقیقات کو حتمی شکل دیدی

جمعرات 17 جولائی 2014 07:32

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی( ایف آئی اے) نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف تحقیقات کو حتمی شکل دے دی ہے۔طاہر القادری کے خلاف منی لانڈرنگ، الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے گوشواروں میں غلط معلومات فراہم کرنے اور ٹیکس چوری سمیت دیگر الزامات پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف شروع کی گئی تحقیقات کو حتمی شکل دے دی ہے اوران کے خلاف منی لانڈرنگ ، ٹیکس چوری، کم آمدنی ظاہر کرنا اور الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے اثاثوں میں غلط تفصیلات فراہم کرنے کے الزامات میں کافی ثبوت اکٹھے کر لئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے طاہر القادری اور ان کے خاندان کی ٹیکس کی تفصیلات بھی حاصل کر لی ہیں جبکہ طاہر القادری اور ان کے خاندان کے دیگر فراد کے نام اثاثوں، پراپرٹی سمیت دیگر ملکیت کی تفصیلات بھی حاصل کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق طاہر القادری کی تنظیم منہاج القرآن کے اخراجات و دیگر تفصیلات بھی حاصل کی گئی ہیں جبکہ پاکستان سے بیرون ملک طاہرالقادری اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے نام بھیجی گئی رقوم کی تفصیلات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحققات کا عمل مکمل ہونے کے بعد رپورٹ ڈی جی ایف آئی اے کو پیش کی جائے گی جس کے بعد طاہر القادری کے خلاف مقدمہ درج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :