عمران خان آزادی مارچ کا اعلان کرکے قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں ، احسن اقبال ، سونامی خان نئے پاکستان کی کوئی جھونپڑی ہی دکھادیں ،عمران پاکستان کی معیشت کیلئے رسک پیدا کررہے ہیں ،لند ن جا کر غیروں کے اشاروں پر کام کررہے ہیں ، مشرف پر کوئی ڈیل نہیں ہورہی ، حکومت کے لیے زیادہ مسائل مشرف کے پیدا کردہ ہیں ،کے پی کے کی حکومت بنی گالہ سے ایس ایم ایس کے ذریعے چلائی جارہی ہے ،2013ء کے الیکشن میں دھاندلی میں آر اوز کا کوئی کردار نہیں، عمران خان آزادی مارچ کی بجائے فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے حکومت کی جانب سے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کریں ، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 17 جولائی 2014 07:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان آزادی مارچ کااعلان کرکے قوم کو تقسیم کرنا چا ہتے ہیں ، مشرف پر کوئی ڈیل نہیں ہورہی ہے ، حکومت کے لیے زیادہ مسائل مشرف کے پیدا کردہ ہیں ، سونامی خان نئے پاکستان کی کوئی جھوپڑی ہی دکھا دیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی معیشت کیلئے رسک پیدا کررہے ہیں وہ لندن جا کر غیروں کے اشاروں پر کام کررہے ہیں ملک اس وقت ضرب عضب آپریشن کے نازک دور سے گزر رہا ہے ۔ عمران خان مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کا ساتھ دے کر آئی ڈی پیز کی بحالی میں اپنا کردارادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت ناکام ہوچکی ہے کیونکہ کے پی کے کی حکومت بنی گالہ سے ایس ایم ایس کے ذریعے چلائی جارہی ہے 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی میں آر اوز کا کوئی کردار نہیں اس سے قبل الیکشن کمیشن نگران حکومت اور آزاد عدلیہ کے ہوتے ہوئے الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا میں مغرب کی جانب سے انتشار اور افراتفری پھیلائی جارہی ہے شام ، مصر میں ناکام ہونے کے بعد اب وہ پاکستان کا رخ کررہے ہیں اور پاکستان کے اندر عمران خان کی شکل میں یا کبھی قادری کی صورت میں کینیڈا اور لندن سے انقلاب لایا جارہا ہے ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار معیشت انقلابی سطح پر بلند ہوئی ہے جو کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ہی کارنامہ ہے ۔

عالمی ذرائع اور میڈیا پاکستان کی معیشت کی ترقی کیلئے رپورٹس بنا رہا ہے ۔پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہورہے ہیں جبکہ دوسری جانب سونامی خان انتشار پھیلا کر عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے بدظن کررہے ہیں ۔ پنجاب کے اندر مسلم لیگ (ن) نے 312صوبائی سیٹیں جیتیں جس پر پی ٹی آئی اے نے صرف 23سیٹوں پر پٹیشن دائر کی تاہم عوام کے بھارتی مینڈیٹ نے یہ بھی ثابت کردیا کہ عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں جو کہ مسلم لیگ(ن) ہی لا سکتی ہے ۔

عمران خان نئے پاکستان کی کوئی کھڑکی یا جھوپڑی ہی دکھا دیں جو چودہ ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک ان سے بن ہی نہیں سکی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پی کے میں چار ارب روپے کے میٹرو بس منصوبہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہیں اگر بنا کردکھا بھی دیں تو میں ساری عمر کیلئے سیاست چھوڑ دونگا ۔ عمران خان کے پی کے میں خسرہ سے متاثرہ بچوں پر توجہ دیں ۔ انہوں نے نواز شریف کی وکٹری تقریر کے بارے میں عمران خان کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے پہلے پی ٹی آئی کے اسد عمر نے پی ٹی آئی کی کامیابی کا اعلان کیا اور (ن) لیگ کو حکومت بنانے کی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں ہمیں یہ ملک دلدل کے اندر ملا جس کو نکالنے کیلئے وزیراعظم سے لیکر (ن) لیگ کا ہر کارکن دن رات لگاتار محنت کررہا ہے اور ان کے پاس سیاست کرنے کے لئے وقت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چند لوگوں کو جمع کرکے یہ ثابت کرناے کی کوشش نہ کرے کہ ان کے پاس عوامی طاقت ہے جبکہ (ن) لیگ کے پاس جیالوں کی کمی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ترقی کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے اور نہ ہی قوم اس سازش کا حصہ بنے گی مختلف قوتیں جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کیلئے عمران خان اور طاہر القادری کو استعمال کررہے ہیں ۔

انہوں نے مشرف کے ٹرائل کے حوالے سے صحافیوں کو بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کو سب سے زیادہ مسائل مشرف کے ٹرائل کی وجہ سے ہورہے ہیں اگر مشرف کا ٹرائل نہ کیا جائے تو (ن) لیگ کیلئے سارے مسائل ختم ہوسکتے ہیں جبکہ حکومت نے کبھی بھی مشرف کیخلاف انتقامی کارروائی کا نہیں سوچا مشرف نے وردی کے اندر آئین کو توڑا اور وہ اس قوم کو جوابدہ ہیں ۔ انہوں نے عمران خان سے اپیل کی کہ وہ آزادی مارچ کی بجائے فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے حکومت کی جانب سے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کریں