وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات، آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے بریفنگ دی، فوجی جوان ہمارے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں،امن وا ستحکام پاکستان کی منزل ہے، آئی ڈی پیز کی بحالی، دوبارہ آباد کاری میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، متاثرین کی ہرممکن وسائل فراہم کریں گے، نواز شریف

جمعرات 17 جولائی 2014 07:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء)وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات۔آرمی چیف کی وزیر اعظم کو آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے بریفنگ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم ہاؤس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وزیرا عظم سے ملاقات کی ۔وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس دوطرفہ ملاقات میں آرمی چیف نے وزیر اعظم کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

آرمی چیف نے وزیر اعظم کو بری افواج کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے فوجی جوانوں نے آپریشن ضرب غضب میں دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں ان قربانیوں کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ہمارے جوان ہمارے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔امن وا ستحکام پاکستان کی منزل ہے اور پاکستان کا مقدر ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی بحالی اور دوبارہ آباد کاری میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور متاثرین کی ہرممکن وسائل فراہم کریں گے۔