آپریشن ضرب عضب ملکی بقاء کی جنگ، بے گھر افراد کیلئے تمام وسائل کو بروئیکارلایا جائیگا،وزیراعظم،نواز شریف کی زیر صدارت حکمران جماعت کا مشاورتی اجلاس، آپریشن ضرب عضب، آئی ڈی پیز کی امداد و بحالی، مجموعی سیاسی صورتحال پر غور، وزیر اعظم کا فوج کی آپریشن میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار ،عوام تبدیلی اور انقلاب والوں کی پرواہ نہ کریں وہ ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے،نواز شریف،چند ہزارلوگ کروڑوں افراد کے مینڈیٹ کو تبدیل نہیں کرسکتے،80 ء اور 90 ء کی سیاست کا وقت گزرچکا ہے،حکومت کا کوئی کرپشن کا سکینڈل نہیں آیا عالمی ادارے بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،چاہتے تو ڈالر50 یا 60 روپے تک لے جاسکتے تھے،تمام جماعتیں مل کر جمہو ریت کو مستحکم کریں اور ملک کو مضبوط بنائیں،وزیراعظم کاسب سے بڑے ٹیکس دہندگان کو اعزازی کارڈ دینے کی تقریب سے خطاب

بدھ 16 جولائی 2014 07:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جولائی۔2014ء )وزیر اعظم محمد نوازشریف نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کو پاکستان کی بقاء کی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے گھر افراد کی دیکھ بھال کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔وہ آپریشن ضرب عضب میں پیشرفت اور نقل مکانی کرنے والے افراد کیلئے امدادی کوششوں کے جائزہ کیلئے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب، آئی ڈی پیز کی امداد و بحالی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بھی غور کیا گیا، جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے بھی اجلاس میں مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف ' خیبرپختونخوا کے گورنر سردارمہتاب احمد خان 'وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ' منصوبہ بندی کے وزیراحسن اقبال اور سیفران کے وزیر عبد القادر بلوچ نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے فوج کی آپریشن میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا انہوں نے بے گھر افراد کیلئے شاندار انتظامات کرنے پر عبد القادر بلوچ کی تعریف بھی کی۔اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک کے بقا کی جنگ ہے۔اجلاس میں یوم آزادی کو شان شایان طریقے سے منانے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ چودہ اگست ملک کی ترقی و خوشحالی کا دن ہے اور اسے شان شایان طریقے سے منانا چاہیے۔

ادھروزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام تبدیلی اور انقلاب والوں کی پرواہ نہ کریں وہ ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے،چند ہزارلوگ کروڑوں افراد کے مینڈیٹ کو تبدیل نہیں کرسکتے،80 ء اور 90 ء کی سیاست کا وقت گزرچکا ہے،حکومت کا کوئی کرپشن کا سکینڈل نہیں آیا عالمی ادارے بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،چاہتے تو ڈالر50 یا 60 روپے تک لے جاسکتے تھے،تمام جماعتیں مل کر جمہو ریت کو مستحکم کریں اور ملک کو مضبوط بنائیں۔

منگل کو یہاں ملک کے سب سے بڑے ٹیکس دہندگان کو اعزازی کارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چند ہزارلوگ کروڑ افراد کے مینڈیٹ کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام انقلاب اوراحتجاج کے نام پرنعرے لگانے والوں کی نہ سنیں، ہم نے کروڑوں ووٹ حاصل کیے،50 ہزار لوگ اکٹھے کرنیوالے کیا انقلاب لائیں گے، ہماری حکومت بھرپورمینڈیٹ والی ہے، عالمی ادارے اعتماد کا اظہارکرچکے ہیں،ہمارے دورمیں کوئی کرپشن کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا،تبدیلی ایک دن یا ایک سال میں نہیں آتی، وقت لگتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم 21ویں صدی میں آگئے، منفی سیاست کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے، اب وقت مثبت سیاست کا ہے،ہم نے کسی حکومت کا تختہ الٹانے کی کوشش نہیں کی، پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے قوم نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم اپنا مینڈیٹ پورا کریں گے، اگرآپ کو مینڈیٹ ملتا تو آپ پورا کرتے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ بجلی کا بحران 6 ماہ میں حل نہیں ہوسکتا،عوام سے وعدہ کیا تھا کہ بجلی کے بحران کو حل کرنیکی کوشش کریں گے، نیلم جہلم سے 2016 کے آخرتک 1 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہونا شروع ہوگی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جتنی جلدی لاہورمیں میٹرو بنائی اتنی ہی جلدی کراچی میں بھی بنائیں گے اور گڈانی میں ہم اپنی جیٹی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی خسارہ کم ہوکر4 فی صد ہوگیا،ٹیکسوں کی وصولیوں میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر14 ارب ڈالرز تک ہوگئے،چاہتے تو ڈالر50 یا 60 روپے تک لے جاسکتے تھے، موڈیز کی ریٹنگ میں معیشت کی بہتری دکھائی گئی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ انقلاب کا ایجنڈا رکھنے والوں کے خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوں گے اور حکومت پاکستان ترقی کے عمل میں کسی کو بھی رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ منگل کو وزیراعظم نواز شریف نے بہترین ٹیکس دہندگان میں اعزازی کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو توانائی بحران سمیت دہشت گردی و دیگر مسائل کا سامناہے۔

اس وقت چاہئے کہ تمام جماعتیں مل کر جمہو ریت کو مستحکم کریں اور ملک کو مضبوط بنائیں لیکن تیس سے چالیس ہزار افراد اکٹھا کرنے والے کس بنیاد پر انقلاب کی باتیں کرتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابات میں لاکھوں ووٹ حاصل کرکے عوامی مینڈیٹ سے حکومت حاصل کی تو یہ چالیس ہزار افراد لاکھوں کروڑوں کے مینڈیٹ کو آسانی سے کیسے تبیل کردیں گے اور نہ یہ ہوسکتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ایسا ایجنڈا رکھنے والے شرمندہ ہوں گے۔ انقلاب تو بھرپور عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے والی حکومتیں لاتی ہیں اور اس وقت منتخب حکومت درست سمت میں ملک کو لے کر جارہی ہے جس کا پوری دنیا اعتراف کررہی ہے اور آئی ایم ایف‘ ورلڈ بینک اور موڈیز سمیت سرمایہ کار معیشت کی بہتری کا اعتراف کرچکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومت دن رات محنت کررہی ہے اور ایمانداری اور دیانتداری سے ملک کے تمام معاملات آگے بڑھ رہے ہیں اور اب تک حکومت کا کوئی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔

بہتر پالیسیوں سے معیشت ایک سال کے اندر مستحکم ہوئی ہے اور چین سمیت دیگر ممالک کیساتھ مل کر ملک کے اندر انرجی پلانٹس لگانے کی کوششیں کررہے ہیں اور انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات ہورہے ہیں۔

نواز شریف نے کہاکہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو اس وقت خزانہ خالی تھا اور ملک کا کوئی شعبہ بھی ٹھیک کام نہیں کررہا تھا لیکن اب ہم قدم بقدم تمام شعبوں کو ٹھیک کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن راتوں رات تبدیلی نہیں آتی اس کیلئے محنت کرنی پڑتی ہے اور وقت درکار ہوتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ بجلی بحران کا مسئلہ کافی پرانا ہے اور یہ مسئلہ چھ ماہ یا پھر ایک سال کے اندر حل نہیں ہوگا بلکہ اس کیلئے وقت درکار ہوگا۔ حکومت نے گڈانی میں خود جیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے وہاں پر پاور پلانٹس لگائے جائیں گے جوکہ کوئلے پر مشتمل ہوں گے اس کے علاوہ سندھ اور پنجاب میں بھی بجلی کے نئے کارخانے لگائے جارہے ہیں۔ ملک و قوم سے کئے گئے وعدے پر پورا اعتماد ہے کہ جلد پورا کروں گا اور ملک کا مستقبل بہت روشن نظر آرہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ یورو بانڈز کی توقعات سے بڑھ کر پیشکش ہوئی اور یورو بانڈز کیلئے 7 ارب ڈالر سے بڑھ کر پیشکشیں موصول ہوئیں۔ دوسری جانب زرمبادلہ کے ذخائر بھی 14 ارب تک پہنچ گئے ہیں اور مالیاتی خسارہ کم ہوکر 4 فیصد رہ گیا ہے۔ یہ تمام بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا حکومت کی بہترین پالیسیوں کا مظہر ہے۔ گذشتہ ایک سال کی بہترین کوششوں کے بعد معاشی تبدیلیوں کا عروج سامنے آیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم انقلابیوں پر ہرگز توجہ نہ دے یہ صرف ملک کو دوبارہ ماضی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں لیکن یہ اکیسویں صدی ہے اور حکومت ترقی کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دے گی۔ نواز شریف نے کہاکہ جتنی جلدی لاہور میں میٹرو بس کا عمل مکمل ہوا اتنی ہی جلدی کراچی میں بھی مکمل ہوگا۔