سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کے چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کردیا‘،پاکستان تحریک انصاف کا چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ درست ہے۔ حکومت چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کرانے سے کیوں خوفزدہ ہے، زرداری، عوام نے نواز شریف کو وزیراعظم کیلئے منتخب کیا ہے وہ شہنشاہ نہ بنیں، سابق صدر کا بیان

بدھ 16 جولائی 2014 07:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جولائی۔2014ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کے چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کردیا‘ عوام نے نواز شریف کو وزیراعظم کیلئے منتخب کیا ہے وہ شہنشاہ نہ بنیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے (ن) لیگ سے مفاہمت کی کشتی کو جلاکر پاکستان تحریک انصاف کے چار حلقوں میں گنتی کی حمایت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو پاکستانی عوام نے خدمت کیلئے منتخب کیا ہے‘ بادشاہت کیلئے نہیں اور نہ ہی دوسرے صوبوں میں مداخلت کیلئے منتخب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ درست ہے۔ حکومت چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کرانے سے کیوں خوفزدہ ہے۔

(جاری ہے)

چار حلقوں میں گنتی کرانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے انتخابات کے نتائج جمہوریت کی بقاء کیلئے تسلیم کئے تھے۔ پاکستانی عوام پانی اور بجلی کو ترس گئے ہیں جبکہ انڈسٹریل سیکٹر میں توانائی بحران کا سامنا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے آصف علی زرداری کے اس بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری بھی 2013ء کے انتخابات کو شفاف تسلیم نہیں کرتے۔ اگر وہ ہمارے موقف کو درست مانتے ہیں تو پھر آزادی مارچ میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کا مقصد انتخابات کے نظام کو صاف و شفاف متعارف کروانا ہے۔ پیپلزپارٹی کے کارکن 14 اگست کو آزادی مارچ میں شرکت کریں۔