پیپلز پارٹی نے شمالی وز یرستان کے آئی ڈی پیز کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ بھجوا دی ، آئی ڈی پیز ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی مدد کرنے میں ہم کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے،راجہ پرویز اشرف،نقل مکانی کرنے والے اپنے آج کو ہمارے کل کے لئے قربان کر رہے ہیں ، پیپلز پارٹی ان آئی ڈی پیز کی ہر ممکن مدد کرے گی، یوسف رضا گیلانی

منگل 15 جولائی 2014 07:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15جولائی۔2014ء) بق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی مدد کرنے میں ہم کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے، اس وقت ہمارا فرض ہے کہ ہم افواج پاکستان کا ساتھ دیں جبکہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ نقل مکانی کرنے والے اپنے آج کو ہمارے کل کے لئے قربان کر رہے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ان آئی ڈی پیز کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

پیر کے روز پاکستان پیپلز پارٹی نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کی وجہ سے عارضی نقل مکانی کرنے والے افراد کے لئے کئی ٹرک سامان آئی ڈی پیز کے کیمپوں کے لئے روانہ کر دئیے ہیں۔ یہ آئی ڈی پیز کے لئے سامان کی پہلی کھیپ ہے اس کے بعد مزید سامان آنے والے دنوں میں بھیجا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل سیکریٹریٹ میں سامان بھیجنے کی تقریب میں سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے علاوہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید،پی پی پی صوبہ خیبرپختونخواہ کے صدر خانزادہ خان، قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کندی، سابق وفاقی وزیر نذر گوندل، سابق رکن قومی اسمبلی ندیم افضل چن، سابق رکن اسمبلی مرتضی ستی، بیت المال کے سابق چیئرمین زمرد خان،سینیٹر روبینہ خالد، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع راولپنڈی کے صدر صبطل حیدر، سینٹرل سیکریٹریٹ کے انچارج عامر فدا پراچہ، سابق رکن صوبائی اسمبلی نرگس فیض ملک، پی پی پی اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری آغا محمد علی شاہ، پی پی پی میڈیا آفس کے نذیر ڈھوکی، ضیا کھوکھر اور کیپٹن واصف سید بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سوات آپریشن کے بعد نقل مکانی کرنے والے 25 لاکھ افراد کو 90 دن کے اندر دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کیا جو کہ ایک ریکارڈ ہے جبکہ 80 کی دہائی میں 30لاکھ افغانی باشندے جو افغانستان سے نقل مکانی کرکے پاکستان آئے تھے ان میں سے ایک بڑی تعداد آج بھی پاکستان میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نقل مکانی کرنے والے اپنے آج کو ہمارے کل کے لئے قربان کر رہے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ان آئی ڈی پیز کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئی ڈی پیز ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی مدد کرنے میں ہم کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت وقت ان آئی ڈی پیز کا درست طریقے سے خیال نہیں رکھ سکی تو ہماری بہادر افواج کی قربانیاں رائیگاں جانے کا خدشہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا فرض ہے کہ ہم افواج پاکستان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کمیٹیاں بنا دی ہیں جو اپنا کام احسن طریقے سے انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے افواج پاکستان کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی نے 30ہزار خون کی بوتلوں کا عطیہ پہلے ہی پیش کر دیا ہے۔ تقریب کے آخر میں سید یوسف رضا گیلانی نے آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی اور ملک کے استحکام کے لئے دعا کروائی۔