یوم آزادی کی تاریخ تبدیل نہیں ہو سکتی، عمران خان جلسہ کی تاریخ بدل لیں،سعدرفیق،پرویز مشرف کے معاملے پر یوسف رضا گیلانی کا بیان افسوسناک ہے،عمران خان کو شیخ رشید اور پرویز الٰہی کی سازشوں سے محتاط رہنا چاہئے،پریس کانفرنس

پیر 14 جولائی 2014 07:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جولائی۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ یوم آزادی کی تاریخ تبدیل نہیں ہو سکتی، عمران خان اپنے جلسہ کی تاریخ تبدیل کرلیں،پرویز مشرف کے معاملے پر یوسف رضا گیلانی کا بیان افسوسناک ہے‘ بیان سے خود ان کی پارٹی کی جگ ہنسائی ہوئی ہے‘ عمران خان کو شیخ رشید اور پرویز الٰہی کی سازشوں سے محتاط رہنا چاہئے۔

اتوار کو لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا مشرف کیساتھ معاہدے کا بیان افسوسناک ہے۔ (ن) لیگ کسی معاہدے کا حصہ نہیں۔ اگر گیلانی نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کئے ہوں تو اس کا ہمیں پتہ نہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے صرف عدلیہ کی بحالی اور آمریت کے خاتمے کیلئے آصف زرداری کا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشرف کیخلاف مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر قائم کیا تھا۔

معاہدے کے حوالے سے پی پی راہنماؤں کے بیانات متضاد ہیں۔ فرحت اللہ بابر جو اس وقت ایوان صدر کے ترجمان تھے انہوں نے بھی معاملات کی تردید کی ہے۔ گیلانی کے بیان سے پیپلزپارٹی کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر عمران خان قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش نہ کریں۔ جشن آزادی کی تقریب سالہا سال سے منائی جاتی ہے اسلئے اس مرتبہ بھی جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

14 اگست دہشت گردی کے خاتمے کی نوید لے کر آئے گا۔ پاکستان دشمن عناصر کیخلاف پوری قوم اور سیاسی قیادت متحدہ ہے۔ عمران خان سے درخواست ہے کہ یوم آزادی کی تاریخ نہیں بدلی جاسکتی وہ احتجاج کی تاریخ بدل لیں اور یہ سوچیں کی آزادی کی تاریخ اور مقام نہیں بدلا جاسکتا۔ لانگ مارچ کی تاریخ بدل لیں اور آزادی کے دن کو متنازعہ نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو شیخ رشید اور پرویز الٰہی کی سازشوں سے محتاط رہنا چاہئے۔ زندہ قومیں یوم آزادی پر دست و گریباں نہیں ہوتیں۔ 14 اگست کو پارٹی پرچموں کی بجائے پاکستان کا پرچم بلند کرنا چاہئے۔