چین پاکستان کا مخلص تجارتی شراکت دار ہے، وزیر اعظم ، بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت نئی صنعتیں لگیں گی، پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت منصوبہ جات پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب ، گڈانی میں جیٹی پر کام کو ترجیحی بنیادوں پر تیزکیا جائے، وزیراعظم کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 12 جولائی 2014 07:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جولائی۔2014ء)وزیراعظم محمدنواز شریف نے گڈانی میں جیٹی پر کام کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کا مخلص تجارتی شراکت دار ہے ، بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا اور نئی صنعتیں لگیں گی۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیراعظم ہاوس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت منصوبہ جات پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے انہیں چینی کمپنیوں کے زیر اہتمام شروع کردہ منصوبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسحق ڈار، وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی، سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی، سیکرٹری منصوبہ بندی حسن نواز تارڑ، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویڑن سلیم سیٹھی اور سیکرٹری مواصلات بابر یعقوب فتح نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں چینی اشتراک کار ملک میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے میں معاون ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ گڈانی میں جیٹی پر کام کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کیا جائے ، چین پاکستان کا مخلص تجارتی شراکت دار ہے جس کے تعاون سے پاکستان اپنے توانائی سمیت دیگر بحرانوں پر جلد قابو پا لے گا۔