الطاف حسین کی کور کمانڈر سے ٹیلی فونک گفتگو ، آرمی چیف کوخط موخر

ہفتہ 12 جولائی 2014 07:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جولائی۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ سجاد غنی سے ٹیلی فون پر جملہ معاملات پر گفتگو کی ہے ، جس کے بعد انہوں نے آرمی چیف کو لکھا جانے والا مجوزہ خط موخر کر دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی سے ٹیلی فون پرگفتگو کی ہے،جس میں کراچی کی صورت حال پر سیر حاصل گفتگو کی ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد نے خاص طور پر کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے ایم کیو ایم کی شکایات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا. اس کے بعد کراچی آپریشن کے دوران شکایات کا جائزہ لینے کے لئے 6 رکنی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کور کمانڈر سے ٹیلی فونک بات چیت کے بعد الطاف حسین نے آرمی چیف کو خط لکھنے کا پروگرام موخر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں جاری آپریشن میں بے گناہ کارکنوں کو بلاجواز گرفتار اور ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وہ یہ تفصیلات کسی ٹیلی ویژن پر بیپر کے ذریعہ بھی دے سکتے تھے لیکن وہ جس ٹی وی چینل کو بیپر دیتے وہ ٹارگٹ بن جاتا لہٰذا وہ پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعہ پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف کے نام کھلا خط لکھنے پر مجبور ہو کر انہیں خط نمبر 1 میں معلومات فراہم کریں گے جس کے بعد خط نمبر 2، 3 ،4 اور 5 میں بھی ایک ایک واقعہ کی اطلاع دیں گے۔ تا ہم الطاف حسین نے کور کمانڈر سے فون پر گفتگو کے بعد خط لکھنے کا کام موخر کر دیا ہے۔