14اگست کو ملتان میں میٹروبس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ، شہبازشریف، 25دسمبر کو اسلام آباد راولپنڈی میٹروبس چلے گی پاکستان کواس وقت صرف ترقی اور خوشحالی کے لانگ مارچ کی ضرورت ہے ، بچہ بچہ ،مائیں، بہنیں اوربز رگ ایسے دھرنوں اورلانگ مارچ کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے جس سے ترقی اورخوشحالی کے سفر میں رکاوٹ پڑتی ہوکرپشن کے قبرستان بنانے والے اور سرد ہواوٴں میں رہنے والے آج کس منہ سے انقلاب کی باتیں کررہے ہیں ،باتیں کرنا آسان ہے عمل کرنا مشکل بدگمانیاں پیدا کرنیوالے اورملک کی قسمت سے کھیلنے والے قوم کی کوئی خدمت نہیں کررہے یہ صرف عوام کو گمراہ کرنے آئے ہیں،میرٹ کو اپنے ایمان کا حصہ بنایا ہے ،کوئی ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکا:وزیراعلیٰ پنجاب کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 11 جولائی 2014 05:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جولائی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت صرف ایک لانگ مارچ کی ضرورت ہے اور وہ لانگ مارچ ہے ترقی کا ،عوام کی خوشحالی کا،دہشت گردی کے سدباب کا ، لوڈ شیڈنگ کے پیدا کیے ہوئے اندھیروں کے خلاف جدوجہد کا ،غربت کے خاتمے کا اورکرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھنکنے کا اور میرا چین کا دورہ بھی اسی لانگ مارچ کا ایک کلیدی حصہ ہے۔

پاکستان کا بچہ بچہ ،مائیں، بہنیں،بیٹے ،بیٹیاں اوربز رگ ایسے دھرنوں اورلانگ مارچ کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے جس سے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے سفر میں رکاوٹ پڑتی ہو۔وہ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ،صوبائی وزیر قانون و تعلیم رانا مشہوداحمد،پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا محمدارشد،سیکرٹری اطلاعات ،پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اور ڈی جی پی آر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو صرف ایک ہی لانگ مارچ کی ضرورت ہے اور وہ صرف اورصرف 18کروڑ عوام کی ترقی اورخوشحالی کا لانگ مارچ ہے ۔چین نے بھی یہ لانگ مارچ کیا تھا اور آج وہ اقوام عالم میں بہت آگے نکل چکا ہے ۔ایسا کوئی لانگ مارچ یا دھرنا جس سے عوام کی خوشحالی کا خواب چکنا چور ہوایسے لانگ مارچ اوردھرنوں کو پاکستان کے محب وطن اور ذی شعور 18کروڑ عوام اپنی آہنی طاقت سے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

لانگ مارچ کرنا ہے تو ملک کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لئے کیا جائے۔اپنے دور میں کرپشن کے قبرستان بنانے والے آج کس منہ سے انقلاب کی بات کررہے ہیں ۔پنجاب بینک میں 70ارب روپے کا ڈاکہ کس کے دور میں ،کس نے ڈالا۔ہم نے11ماہ میں 30ارب روپے سے میٹروبس منصوبہ بنا کر ایک تاریخ رقم کی ہے جبکہ ہمارے ”دوست “اسے جنگلا بس کہتے ہیں اور کچھ نے تو ا س منصوبے کو 70ارب روپے کا بتایااب جس صوبے میں ان کی حکومت ہے وہاں یہ جنگلا بس تو نہیں چلاسکے اورنہ ہی جنگلا لگا سکے ہیں۔

6سالہ دور میں فلائی اوورز،پل اور دیگر منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کیے گئے ہیں ۔میرٹ کو اپنے ایمان کا حصہ بنایا ہے ۔کوئی ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکااور وہ لوگ جو سر سے پاوٴں تک کرپشن میں لتھڑے ہوئے ہیں اور سرد ہواوٴں کے مزے لیتے رہے ہوں اب وہ کس منہ سے انقلاب اوردھرنوں کی باتیں کررہے ہیں ۔عوام کو غربت ،بے روزگار ی اورکرپشن سے نجات دلانے کے لیے لانگ مارچ کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خانہ جنگی کا نہیں سوچ سکتا۔میں نے 18کروڑ عوام کے عزم ،سوچ اورخواہش کی عکاسی کی ہے اور18کروڑ عوام اپنے کردار اورعمل سے ثابت کریں گے اور ایسی کسی بھی سازش کو ناکام بنائیں گے۔حکومت نے 7ماہ میں نندی پور پاور پراجیکٹ کومکمل کیا،راولپنڈی۔اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کا آغاز کیا اور14اگست یوم آزادی پر ملتان میں بھی میٹروبس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

کیا عوامی خدمت کے ایسے منصوبوں کے خلاف لانگ مارچ اوردھرنے ہوں گے؟۔ہم نے اپنے دور میں خالی نعرے نہیں لگائے بلکہ عملی اقدامات کیے ہیں ۔بین الاقوامی ٹھیکوں میں عوام کے خون پسینے کی کمائی کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں ۔سرد ہواوٴں میں رہنے والے آج یہاں آکر انقلاب کی باتیں کررہے ہیں ،یہ اس وقت کہا ں تھے جب لوگ سیلاب میں گھرے ہوئے تھے ۔

ڈینگی کی وباء پھیلی ہوئے تھی۔باتیں کرنا آسان ہے عمل کرنا مشکل۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں عوام کی خدمت اولین ہوتی ہے اوراسی سے جمہوری عمل بھی مضبوط ہوتا ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلا جائیں۔عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔انشاء اللہ 25دسمبر 2014ء کو اسلام آباد راولپنڈی میٹروبس چلے گی جبکہ 14اگست کو ملتان میں میٹروبس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جو 10ماہ میں مکمل ہوگا۔

اسی طرح بجلی کے اندھیرے بھی جلد چھٹ جائیں گے۔ مسلسل عمل ،محنت ،دیانت اورامانت سے ملک کی قسمت سنواریں گے، بدگمانیاں پیدا کرنے والے اورملک کی قسمت سے کھیلنے والے ملک و قوم کی کوئی خدمت نہیں کررہے یہ صرف عوام کو گمراہ کرنے آئے ہیں۔

قومی خدمت وہ ہوتی ہے جودھوپ دیکھتی ہے نہ بارش ۔سردی ہو یا گرمی عوامی خدمت کرنے والے عوام کے لئے اپنا تن ،من ،دھن ہمیشہ وقف رکھتے ہیں ۔

انشاء اللہ عوام کی خدمت کر کے پاکستان کو اگلے چند سالوں میں اقوام عالم میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے اورپاکستان کو دہشت گرد ملک کہنے والوں کے منہ پر طمانچہ لگے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی مدت پانچ برس سے چار برس کرنے پر اتفاق ہوتو مسلم لیگ(ن) کو کوئی اعتراض نہیں ۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں امداد نہیں لینی چاہیے بلکہ اپنے پاوٴں پر کھڑا ہونا چاہیے۔

چین کے تعاون سے لگنے والے منصوبوں میں سرمایہ کار خود سرمایہ کاری کررہے ہیں اوریہ تمام منصوبے آئی پی پی موڈ(IPP Mode) میں ہے۔دنیا میں کونسا ایسا ملک ہے جو اربوں ڈالر پاکستان لارہاہے اور وہ بھی اس وقت جب ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہوں۔چین کی جانب سے اربوں ڈالر کے منصوبوں میں تعاون دوست سے بڑھ کر دوست ہونے کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کو سستے فیول پر منتقل کرنے کے لیے وقتی طورپر بند کیا گیا ہے اورچند ہفتوں میں یہ کام پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا جس کے بعد یہ ٹربائن دو بارہ بجلی کی پیداوار شروع کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے منصوبے معاشی اوراقتصادی ترقی سے جڑے ہوئے ہیں جس میں انرجی کے منصوبے سرفہرست ہے ۔چین کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا اور سیاسی قیادت سے بات چیت کے علاوہ مالیاتی اداروں اورچین کے بینکوں کے حکام سے بھی مثبت ملاقاتیں ہوئی۔

چین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون کی دوبارہ یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

بلاشبہ چین پاکستان کی ترقی میں برابر کا شریک ہے ۔کراچی ،لاہور موٹر وے کا ملتان ،سکھر سیکشن چین کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا۔اسی طرح گوادر کا منصوبہ خطے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہاں پر ایک بین الاقوامی ائیر پورٹ بھی بنایا جائے گا۔4 اگست کو دونوں ممالک کے انرجی ورکنگ گروپس کا اجلا س ہوگاجبکہ اگست ہی میں جوائنٹ کمیشن کی میٹنگ ہوگی جس میں منصوبوں کے بارے حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔

چین میں ہم نے اپنی نمبر ون ترجیح توانائی کو رکھا ہے اورہمیں خوشی ہے کہ چین کی قیادت اورحکومت نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اورحکومت کی شفافیت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔انشاء اللہ 2017-18ء تک بیشتر منصوبے مکمل ہوجائیں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2013ء عام انتخابات کو بین الاقوامی مبصرین نے بھی پاکستان کی تاریخ کے شفاف ترین اور غیر جانبدارانہ انتخابات قراردیا ہے اور ان انتخابات میں تحریک انصاف کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ مسترد ہونے کا دعویٰ یکسرغلط اور بے بنیاد ہے۔

الیکشن ٹربیونل میں تحریک انصاف نے 58شکایات اوراپیلیں کی جن میں سے 37کا فیصلہ ہو چکا ہے جبکہ مسلم لیگ(ن) کی بیشتر شکایات اور اپیلوں کا فیصلہ ابھی ہونا ہے ۔نارووال کے صوبائی حلقہ 136 میں تحریک انصاف نے ووٹ ریکارڈ کو ٹمپرڈ کیا اوردوبارہ الیکشن ہونے پر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوئی۔لاہور میں بھی مسلم لیگ(ن) کامیاب ہوئی،دھاندلی کا شور مچانے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔

خان صاحب سونامی مارچ کرنا ہے تو شمالی وزیرستان کے ان بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کے لئے کریں۔

ہمارے 8لاکھ بہن ،بھائی اپنے حال کو قربان کر کے ملک و قوم کے مستقبل کو سنواررہے ہیں ۔خیبر پختواہ میں موجود8لاکھ آئی ڈی پیز کی مددہم سب کا فرض ہے جنہوں نے قوم کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑا ہے ۔خان صاحب یہ وقت سیاست کا نہیں ،آپ اس وقت سیاسی تخریب کاری کررہے ہیں ۔

یہ وقت سونامی مارچ کا نہیں بلکہ 8لاکھ افراد کی دیکھ بھال کرنے کا ہے اوران فوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کا ہے جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنانے میں مصروف ہے ۔آئیں ملکر انہیں پیغام دیں کے ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔منفی سوچ اور محاذ آرائی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ۔صرف بات کرنے ہے تو ایک انقلاب اورمارچ کی بات کی جائے اور وہ مارچ ترقی اور تجارت بڑھانے کا مارچ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جس انقلاب میں منکرنکیر(ق)لیگ کے لوگ ہوں ایسے انقلاب کا اللہ ہی حافظ ہے ۔بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے لیکن بعض لوگ سیاسی افراتفری کی سیاست کر کے بیرونی سرمایہ کاروں کو بھگانے کی سازش کررہے ہیں اور میں سمجھتاہوں کہ کچھ عناصر کو خوشی نہیں کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کرے اوروہ عناصرماحول کو خراب کرنے کی سازش کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور ہم نے ایک سال میں بہت پیش رفت کی ہے ۔گڈانی میں 6600میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے لگانے کے لئے پارک قائم کیا گیا ہے ۔پوٹ قاسم اورساہیوال میں بھی کوئلے سے بجلی کے منصوبے لگائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ذاتی کاوشوں کے باعث چین میں اورنج لائن میٹروٹرین کے حوالے سے بھی پیش رفت ہوئی ہے ۔حکومت صحیح جانب اقدام اٹھارہی ہے تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جائے لیکن چند عناصرترقی کی راہ روکنے کے درپے ہیں۔