آذربائیجان کی پاکستان سے فوجی اسلحہ خریدنے میں دلچسپی،پاکستا نی وفد روا ں ما ہ کے آخر میں آذربائیجان کا دورہ کریں گے جس میں انہیں فوجی اسلحہ کے حوالے سے اپنی ضروریات سے آگاہ کیا جائیگا،سفیر داشگن شکاروف

جمعہ 11 جولائی 2014 05:46

باکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جولائی۔2014ء)آذربائیجان نے پاکستان سے فوجی اسلحہ خریدنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس مقصد کے لئے پاکستان کا اعلی سطحی فوجی وفد آئندہ ماہ آذربائیجان کا دورہ کرے گا جس میں اس ملک کی ضروریات کا جائزہ لیا جائیگا جس کے بعد اکتوبر میں آذربائیجان ،پاکستان بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں سمجھوتے کو حتمی شکل دی جائے گی ۔

پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر داشگن شکاروف نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی حکام سے ان کی ملاقاتیں ہوئی ہیں جو انتہائی مفید رہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں رابطوں اور تعاون کو فروغ حاصل ہو رہا ہے ۔پاکستان کے فوجی رہنما اگست کے آخر میں آذربائیجان کا دورہ کریں گے جس میں انہیں آذربائیجان کی فوجی اسلحہ کے حوالے سے ضروریات سے آگاہ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہت سے ممالک کو اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کررہا ہے اور پاکستان کا اسلحہ معیار کے حوالے سے بہت بہتر ہے۔ایسے وقت میں جبکہ آذربائیجان کو مختلف خطرات کا سامنا ہے وہ حالت جنگ میں ہے اور اس کے بہت سے علاقوں پر غیر ملکی تسلط موجود ہے ۔ہم اپنی فوج کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں اور آذربائیجان اس حوالے سے پاکستان سے اپنے تعلقات کو مضبوط بنا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی وزارت دفاع کی انڈسٹری نئے ہتھیار تیار کررہی ہے اور آذربائیجان کئی ہتھیار برآمد بھی کررہا ہے تاہم ہمیں بہت سے ہتھیاروں کی ضرورت ہے جو ہم پیدا نہیں کررہے اور بیرون ملک سے درآمد کرتے ہیں ۔پاکستان بھی ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کررہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :