سانحہ ماڈل ٹائون، ایس ایچ او سمیت 8 پولیس اہلکار گرفتار

جمعہ 11 جولائی 2014 05:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جولائی۔2014ء)سانحہ ماڈل ٹائون، 8 پولیس اہلکار گرفتار کر لئے گئے۔ گرفتار ہونے والوں میں ایس ایچ او سبزاہ زار عامر سلیم سمیت ایلیٹ فورس کے 7 اہلکار بھی شامل ہیں۔لاہور پولیس کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے آپریشن میں حصہ لینے والے تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کر رہی ہے اور اسی تناظر میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے متعدد پولیس افسران اور اہلکاروں کو طلب کر رکھا تھا۔

بیانات ریکارڈ کرانے کے بعد حکام نے ایس ایچ او سبزہ زار عامر سلیم، انچارج ایلیٹ روف سمیت 7 ایلیٹ کے جوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حراست میں لے گئے تمام افراد ٹی وی چینلز سے حاصل کی جانے والے فوٹیج میں براہ راست فائرنگ کرتے دیکھے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تفتیش کے نتیجے میں مزید گرفتاریاں عمل میں آ سکتی ہیں۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے انسپکٹر سمیت آٹھ اہلکاروں حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ 17 جون کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے ساتھ جھڑپ کے نتیجے میں پاکستان عوامی تحریک کے 12 کارکن جاں بحق جبکہ 80 سے زائد زخمی ہو گئے تھے جس کی تحقیقات کے لئے پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں جوڈیشل ٹریبونل قائم کیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے اس معاملے پر استعفیٰ بھی لے لیا تھا -

متعلقہ عنوان :