سیاسی اور عسکری قیادت شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے جاری آپریشن کو منطقی انجام پہنچائیگی ، وزیر اطلاعات ،پاکستان کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنائینگے ،جمہوریت کی تصویر پر کاٹا لگانے والے اب دہشت گردوں کی تصویر پر کاٹے لگائے جا رہے ہیں ، سابق صدر پرویز مشرف کو ڈیل کے ذریعے بیرون ملک بھیجنے کی خبریں درست نہیں ، وزیر اطلاعات پرویز رشید کا تقریب سے خطاب ، صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 11 جولائی 2014 05:24

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جولائی۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹرپرویز رشیدنے کہا ہے کہ ضرب غضب آپریشن کامیابی کی طرف گامز ن ہے سیاسی اور عسکری قیادت شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے جاری آپریشن کو منطقی انجام پہنچائے گی پاکستان کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنائینگے ،جمہوریت کی تصویر پر کاٹا لگانے والے اب دہشت گردوں کی تصویر پر کاٹے لگائے جا رہے ہیں  سابق صدر پرویز مشرف کو ڈیل کے ذریعے بیرون ملک بھیجنے کی خبریں درست نہیں وہ جمعرات کو یہاں پاکستان بیت المال کے زیر اہتما م اٹک کے پہلے سویٹ ہوم کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے تقریب سے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد، ایم ڈی پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے بھی خطاب کیا وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اپنی آمد کے بعد وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد اور عابد وحید شیخ کے ہمراہ پاکستان سویٹ ہوم اٹک کا باقاعدہ افتتاح فیتہ کاٹ کر کیا اور پاکستان سویٹ ہوم کا تفصیلی معائینہ کرتے ہوئے خوبصورت عمارت ، بچوں کی رہائش کا اعلیٰ اور معیاری قرار دیا جہاں4 سے 6 سال کے 100 بچوں کا داخلہ دیا گیا ہے

افتتاحی تقریب میں زیر تعلیم یتیم اور نادار بچوں نے مختلف ٹیبلو پیش کیے فرہاد اللہ نے تلاوت، محسن ذاکر نے نعت ، شعیب نے پر سوز دعا کرائی زیر تعلیم یتیم بچوں نے منظم اور پر اعتماد طریقہ سے بیٹھ کر تقریب کو چا ر چاند لگا دیئے ، تقریب میں سابق امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی شیخ سلیمان سرور، ملک حمید اکبر خان، ندیم رضا خان،ضلعی صدر مسلم لیگ(ن) جاوید باجوڑی ، سٹی صدر شیخ غلام صمدانی ، جنرل سیکرٹری ممتاز خان بالی آف ویسہ، ضلعی رہنما مسلم لیگ ناصر محمو د شیخ،صدر انجمن تاجران راشد الرحمان خان ، ضلعی رابطہ افسر محمد اقبال ، اے سی سید نذارت علی، ڈی ایس پی حفیظ احمد اولکھ، ڈی ایس پی چودھری یوسف شاہد، ایس ایچ او ماڈل پولیس اسٹیشن انسپکٹر حاجی محمد خان ، سنیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ پائیلٹ سکول شیخ آصف محمو د صدیقی کے علاوہ ضلع بھر سے معززین علاقہ ، مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کارکنوں ، ضلعی محکموں کے سربراہا ن، پاکستان سویٹ ہوم اٹک کے زیر تعلیم بچوں کے عزیز اقارب نے کثیر تعداد میں شرکت کی، وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ حکومت شہریوں کو بنیاد ی ضروریات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل برؤے کا ر لا رہی ہے حکومت کے خلاف احتجاج اور دھرنو ں کو مخالفت برائے مخالفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان دھاندلی کے جو الزام لگا رہے ہیں خود ا ن کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ 2002 میں وہ خود اپنی نشست سے کامیاب ہوئے تھے آج ایک صوبہ میں حکومت اور قومی اسمبلی میں مضبوط اپوزیشن کے ساتھ موجود ہیں

انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم کو پاکستان بیت المال کی بہترین کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ثمرات یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے عملی میدان میں داخل ہونے پر ظاہرہونگے،یتیم بچوں کی کفالت عین عبادت ہے ،یہ بچے توجہ اور پیار کے زیادہ مستحق ہیں مناسب تعلیم او ر تربیت حاصل کر کے یہ بچے کل کے معزز شہری بن سکتے ہیں اس موقع پروزیر مملکت شیخ آفتاب احمد ، ایم ڈی پاکستان بیت المال عابد وحید شیخ موجود تھے انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر احتجاج جمہوری روایات کے منافی ہے تقریب سے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد اور ایم ڈی پاکستان بیت المال بیر سٹر عابد وحید شیخ نے بھی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحتیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔