شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں غیر ملکیوں سمیت 7 افراد ہلاک ، 3 زخمی ،ڈوگہ مداخیل میں ہونے والا ڈرون حملہ 2014 کا چوتھا واقعہ ہے

جمعہ 11 جولائی 2014 05:20

میرانشاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جولائی۔2014ء) شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی ڈرون طیاروں کے میزائل حملوں میں غیر ملکیوں سمیت 7 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹکے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں پاک افغان سرحد سے متصل علاقے ڈوگہ مداخیل میں امریکی ڈرون طیاروں نے ایک گھر اور گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ڈرون حملے کے نتیجے میں دونوں املاک مکمل طور پر تباہ جبکہ 7 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

مقامی ذرائع کا کہناہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 4 غیر ملکی ہیں جبکہ دیگر کی شناخت نہیں ہوسکی۔واضح رہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں امریکا کی جانب سے ڈرون حملے بند کردیئے گئے تھے تاہم مذاکرات کے خاتمے کے بعد اس کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہوا اور رواں برس یہ چوتھا حملہ ہے ، سرکاری ذرائع کے مطابق جس علاقے میں ڈرون حملہ ہوا اس کو ابھی تک کلیئر قرار نہیں دیا گیا اور یہاں شدت پسندوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں حملے کے بعد بھی ڈرون طیاروں کی نچلی پروازیں جاری ہیں۔ اس سے قبل بھی دتہ خیل میں متعدد ڈرون حملے ہو چکے ہیں ، ان حملوں میں ملکی اور غیر ملکی دہشتگردوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات بھی سامنے اتی رہی ہیں۔