شمالی وزیر ستان کے بے گھر افراد کی تعداد 8لاکھ تک پہنچ گئی، حکومت نے کیمپوں میں رجسٹرڈ بے گھر افراد کو بجلی ، پانی اور طبی سہولیات سمیت تما م بنیادی ضروریات فراہم کی ہیں،عبدالقاد بلوچ

جمعرات 10 جولائی 2014 07:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء )ریاستوں ا ور سرحدی علاقوں کے وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 8لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ا ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے کیمپوں میں رجسٹرڈ بے گھر افراد کو بجلی ، پانی اور طبی سہولیات سمیت تما م بنیادی ضروریات فراہم کی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ہر خاندان کو مناسب نقد رقم بھی دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت بے گھر افراد کو سہولت دینے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کررہی ہے ۔علاوہ ازیں فیڈرل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث ہجرت کر کے آنے والے رجسٹرڈ آئی ڈی پیز کی تعداد رجسٹرد آئی ڈی پیز کی تعداد 8 لاکھ 52 ہزار 495 ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

ایف ڈی ایم اے کے مطابق پشاور میں مزید 2265 خاندانوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے جب کہ بنوں میں 2419 اور کرم ایجنسی میں 224 خاندانوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔

ایف ڈی ایم اے کے مطابق آج تحصیل میر علی میں متاثرین کی رجسٹریشن کی جائے گی جب کہ حیات آباد میں آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف گزشتہ ماہ آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا تھا جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگوں نے بنوں، کوہاٹ، ڈیرہ غازی خان اور لکی مروت سمیت ملک کے مختلف علاقوں کی جانب نقل مکانی شروع کردی تھی۔ حکومت اور پاک فوج کی جانب سے آئی ڈی پیز کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے شہروں میں علاقوں کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :