توانائی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست رہی ہے، اسحاق ڈار ، حکومت تیز رفتار منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ مقامی وسائل استعمال کرتے ہوئے درآمدات اور مہنگے وسائل پر انحصار کم کیا جاسکے،امید ہے عالمی برادری بے گھر افراد کی مدد کیلئے آگے بڑھے گی،امریکی سفیر سے ملاقات ،خطے میں امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے امریکہ پاکستان سے شراکت داری جاری رکھے گا،امریکہ اقوام متحدہ کے ساتھ ملکر شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے والے متاثرہ عوام کی امداد کررہا ہے،حکومت پاکستان کی جانب سے بے گھر متاثرہ افراد کو گندم کی فراہمی میں ہاتھ بٹا رہا ہے، رچرڈ اولسن

جمعرات 10 جولائی 2014 07:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ توانائی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست رہی ہے،اس حوالے سے حکومت تیز رفتار منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ مقامی وسائل استعمال کرتے ہوئے درآمدات اور مہنگے وسائل پر انحصار کم کیا جاسکے،امید ہے عالمی برادری بے گھر افراد کی مدد کیلئے آگے بڑھے گی جبکہ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ خطے میں امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے امریکہ پاکستان سے شراکت داری جاری رکھے گا،امریکہ اقوام متحدہ کے ساتھ ملکر شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے والے متاثرہ عوام کی امداد کررہا ہے اور حکومت پاکستان کی جانب سے بے گھر متاثرہ افراد کو گندم کی فراہمی میں ہاتھ بٹا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ جی اولسن نے وزارت خزانہ میں وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے اقتصادی امور اور پاک امریکہ باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر امریکیس فیر رچرڈ جی اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو مطلع کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر ایک بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد رواں برس اکتوبر میں واشنگٹن ڈی سی میں کیا جائے گا،کانفرنس کی میزبانی مشترکہ طور پر حکومت پاکستان اور یو ایس ایڈ کریں گے۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ کرم تنگی ہائیڈرو پاور پروجیکٹ(منصوبہ) اس لحاظ سے اہم منصوبہ سمجھتا ہے کہ جس سے قبائلی علاقہ جات کے عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے علاوہ اطالوی حکومت اور اسلامی ترقیاتی بینک بھی اس منصوبے کی فنانسنگ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔آئی ڈی پیز کے حوالے سے پاکستان میں امریکی سفیر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ امریکہ اقوام متحدہ کے ساتھ ملکر شمالی وزیرستان فوجی آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے متاثرہ عوام کی امداد کررہا ہے۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ پہلے ہی عالمی خوراک پروگرام کو8ملین امریکی ڈالرز فراہم کر چکا ہے جو کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بے گھر متاثرہ افراد کو گندم کی فراہمی میں ہاتھ بٹا رہا ہے۔اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ توانائی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست رہی ہے اور اس حوالے سے حکومت تیز رفتار منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ مقامی وسائل استعمال کرتے ہوئے درآمدات اور مہنگے وسائل پر انحصار کم کیا جاسکے،

اس موقع پر وفاقی وزیر نے دیامر بھاشا ڈیم پر ہونے والی بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کے حوالے سے امریکی سفیر سے تفصیلات طے کیں،ڈار نے بے گھر متاثرین کیلئے امریکی امداد کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی برادری بے گھر افراد کو ریلیف(آرام) پہنچانے کیلئے آگے بڑھے گی۔

اس موقع پر امریکی سفیر نے وزیر خزانہ کو یقین دہانی کروائی کہ خطے میں امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے امریکہ پاکستان سے شراکت داری جاری رکھے گا۔اولسن نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔انہوں نے وزیرخزانہ کو بتایا کہ کوایشن سپورٹ فنڈ کے حوالے سے پاکستان کی(مالی تلافی) ری ایمبریسٹمنٹ پر کام جاری ہے۔ملاقات کے دوران سیکرٹری وزارت خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود،وزیرخزانہ کے معاون خصوصی شاہد محمود اور وزارت خزانہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔