14اگست کو مارچ کی باتیں کرنیوالے غیر ملکی ایجنٹ ہیں، مارچ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے خلاف مارچ ہوگا،عابد شیر علی ، عمران خان سے توقع کرتے ہیں وہ غیر جمہوری رویہ ترک کرکے جمہوری رویے کے تحت پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے الیکٹرورل ریفارمز لائیں گے، 2002ء کی اسمبلی کے موقع پر صبح تک رزلٹ تبدیل ہوتے رہے تھے اس وقت عمران خان،قادری شیروانیاں تیار کراکے وزیراعظم بننے کے خواب دیکھتے رہے،ملک میں ٹو پارٹی سسٹم ہے ہم کسی کو ڈکٹیشن دینے کی اجازت نہیں دیں گے لیکن لیگل بات ماننے کو تیار ہیں، طاہر القادری معلوم نہیں کونسے قدم اٹھانا چاہتا ہے وہ کینیڈا جاکر اللہ اللہ کرے،پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 10 جولائی 2014 07:31

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء)پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ 14اگست کو مارچ کی باتیں کرنے والے غیر ملکی ایجنٹ ہیں اور 14اگست کا مارچ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے خلاف مارچ ہوگا،یہ بات انہوں نے بدھ کی سہ پہر سرکٹ ہاؤس ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ وزیرستان آپریشن کی وجہ سے آئی ڈی پیز لاوارث پڑے ہیں اور عمران خان کو لانگ مارچ کی پڑی ہے،ہمارا تن من دھن پاکستانی فوج کے ساتھ ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم عمران خان سے توقع کرتے ہیں کہ وہ غیر جمہوری رویہ ترک کرکے جمہوری رویے کے تحت پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے الیکٹرورل ریفارمز لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2002ء کی اسمبلی کے موقع پر صبح تک رزلٹ تبدیل ہوتے رہے تھے اس وقت عمران خان،قادری شیروانیاں تیار کراکے وزیراعظم بننے کے خواب دیکھتے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹو پارٹی سسٹم ہے ہم کسی کو ڈکٹیشن دینے کی اجازت نہیں دیں گے لیکن لیگل بات ماننے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو کچھ کرنا ہے وہ کے پی کے میں کرکے دکھائیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چوہدری نثار سمیت ہم سب نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں تاہم اختلاف رائے تو ہوتا ہے،نواز شریف ہمارے لیڈر ہیں ہمیں ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی پیپلزپارٹی کی کرپشن کی نشاندہی کی تھی اور خواجہ آصف پیپلزپارٹی کے خلاف تین کیس لڑے ہیں،ہم نے پیپلزپارٹی کی کرپشن پر کوئی مفاہمت نہیں کی لیکن ہم نے جمہوریت کو ڈی ریل بھی نہیں ہونے دیا اور اسی کے تحت اب نواز شریف مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور لوگ مفاہمت کی پالیسی پر ہی ہماری تعریف کر رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت ہے اس سے مشاورت کرتے ہیں اس کو منفی نہ لیا جائے،ہمارا کردار مثبت ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کہا کرتے تھے کہ شیخ رشید کو میں منشی بھی نہیں رکھوں گا مگر اس وقت وہ ان کے اشاروں پر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں عمران خان کی کارکن نسیم زہرا کو قتل کیا گیا،نواز شریف چل کر گئے،انہوں نے کہا کہ سندھ میں عمران خان کے بیلٹ پیپر جلا دئیے گئے ،لوگوں کو جلا دیاگیا لیکن وہاں عمران خان نہیں بولے اور نہ ہی دھرنا دیا اور نہ ہی دھاندلی کی بات کی۔

کے پی کے کے وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ یہاں دھاندلی نہیں ہوئی،بلوچستان میں انتخابات درست ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کسی قسم کا سونامی ہمارا نقصان نہیں کرسکتا،شیخ رشید سیاسی یتیموں کا الماس بوبی ہے،شیخ رشید اپنی سیٹ چھوڑ کر استعفیٰ دیکر بات کریں۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے مشرف دور میں اکبر بگٹی سے ملاقات کی اور پھر ان پر بم برسوا دئیے ،شیخ رشید نے لال مسجد میں مذاکرات کئے اور پھر معصوموں پر تیزاب ڈلوا دیا جس میں 150بچیاں زندہ جل گئیں۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت،شیخ رشید،پرویز الٰہی یہ لنگڑے گھوڑے ہیں ،یہ اپنے آپ کو سیل کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کا کوئی خریدار نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر دھاندلی ہوئی ہوتی تو ملتان سے جاوید ہاشمی اور شاہ محمود بھی نہ جیتتے۔انہوں نے کہا کہ طاہر القادری معلوم نہیں کونسے قدم اٹھانا چاہتا ہے وہ کینیڈا جاکر اللہ اللہ کریں ۔پرویز الٰہی اپنے گھر کی سیٹ ہار گئے،عمران خان ڈاکوؤں ،چوروں کو ساتھ لیکر انقلاب نہیں لاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ اووربلنگ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے اور یہ سسٹم کی خرابی کی وجہ سے ہے،انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی ایک جگہ پر45لاکھ کا گھپلہ پکڑا ہے اس پر تحقیقات ہورہی ہیں،ماضی میں اس قسم کے اقدامات نہیں ہوئے،تاہم انکے خلاف انکوائریاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیسکو میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے،وہاں بھی انکوائریاں کر رہے ہیں،صبح اڑھائی بجے سے ساڑھے تین بجے صبح تک عوام کی کال لیتا ہوں،لوڈشیڈنگ کے معاملات کو دیکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں دو گریڈ سٹیشن مکمل تیار تھے جو نامکمل چھوڑ دئیے تھے این ٹی ڈی سی نے معمولی وجوہات پر اس سے 30لاکھ افراد متاثر ہورہے تھے،اب وہ ہم نے ٹھیک کرا دئیے ہیں اور جنوبی پنجاب میں لیہ،ڈیرہ غازی خان،رحیم یار خان،میلسی ،وہاڑی اور دیگر جگہوں پر اب لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگی،این ٹی ڈی سی والوں کے خلاف انکوائری کی ہدایت کردی ہے کیونکہ وہ لوگ قصوروار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسان اتحاد کے ساتھ میں نے پانچ ہزار میٹر تبدیل کرنے کا وعدہ کیا تھا،نئے سی او کو کہا ہے کہ وہ یہ مسئلہ حل کریں اور ان کے اوور بلنگ کا مسئلہ بھی حل کریں۔۔