مشرف غداری کیس،استغاثہ کے ایک اور گواہ اور ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر خالد رسول نے بیان ریکارڈ کر وا دیا ،مشرف کے خلاف دستاویزات فراہم کرنے کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ،سماعت 5اگست تک ملتوی

جمعرات 10 جولائی 2014 07:24

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں استغاثہ کے ایک اور گواہ اور ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر خالد رسول نے اپنا بیان ریکارڈ کر وا دیا ہے،اپنے بیان میں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انہیں بھی ڈی جی ایف آئی اے نے تحقیقاتی ٹیم میں شامل کیا تھا جہاں ان کا کام تین نومبر کے اقدامات کے حوالے سے دستاویزی ثبوت اور ڈاکو منٹس اکٹھے کرنا تھا،وزارت قانون و انصاف، پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان،کابینہ ڈویژن اور پاکستان ٹیلی ویژن( پی ٹی وی) سے دستاویزی ثبوت حاصل کر کے تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ خالد قریشی کے سپرد کیں۔

مقدمہ میں پرویز مشرف کے خلاف دستاویزات فراہم کرنے کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ عدالت نے مقدمہ کی سماعت 5اگست تک ملتوی کر تے ہوئے قرار دیا ہے کہ وکلائے صفائی آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں پر جرح کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی پر مشتمل تین رکنی خصوصی عدالت نے جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں وفاقی شرعی عدالت میں قائم خصوصی عدالت میں کی۔

اس موقع پر استغاثہ کی جانب سے ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے رکن و ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد رسول کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے عدالت میں پیش کیا گیا۔اپنے بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے خالد رسول نے بتایا کہ انہیں تین نومبر کے اقدامات کے حوالے سے دستاویزات حاصل کر کے تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کرنے کے علاوہ ان کا کوئی کام نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں ڈی جی ایف آئی اے نے 19نومبر 2013کو تحقیقاتی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ایک سوال کے جواب پر انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کی طرف سے تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کردہ ثبوتوں میں پرویز مشرف کی تقریر کی ڈی وی ڈی بھی شامل ہے جو انہوں نے چھ دسمبر 2013کو پی ٹی وی سے حاصل کر کے تحقیقاتی ٹیم کے سپرد کی۔اس موقع پر استغاثہ ٹیم کے سربراہ و چیف پراسیکیوٹر اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ وکلائے صفائی آج ہی گواہ پر جرح مکمل کرلیں تاکہ آئندہ سماعت پر تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ خالد قریشی کے سمن جاری کیے جا سکیں تاہم وکلائے صفائی نے کہا کہ وہ آئندہ سماعت پر جرح کریں گے۔

بعد ازاں عدالت نے مقدمہ کی سماعت 05اگست تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر وکلائے صفائی گواہوں پر جرح کر سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :