سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس،تمام ججوں کی نئے چیف جسٹس کو مبارکباد ،ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کااظہار،عوام کو تیزی سے اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے اقدامات میں فاضل چیف جسٹس کے دست و بازو ہیں ،ججوں کی یقین دہانی

جمعرات 10 جولائی 2014 07:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء)سپریم کورٹ کا ایک فل کورٹ اجلاس بدھ کو چیف جسٹس ناصر الملک کی صدارت میں ہوا جس میں تمام ججوں نے نئے چیف جسٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کااظہار کیااور یقین دلایا کہ وہ عوام کو تیزی سے اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے اقدامات میں فاضل چیف جسٹس کے دست و بازو ہیں ۔

فل کورٹ اجلاس میں جسٹس جواد ایس خواجہ ، جسٹس انور ظہیر جمالی ، جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ ، جسٹس سرمد جلال عثمانی ، جسٹس اعجاز افضل خان ، جسٹس گلزار احمد ، جسٹس محمد اطہر سعید ،جسٹس شیخ عظمت سعید ، جسٹس اقبال حمید الرحمان ، جسٹس بشیر عالم ، جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس محمد عطاء بندیال سمیت رجسٹرار سید طاہر شہباز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز میں فاضل ججوں نے نئے چیف جسٹس کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں انصاف کی فراہمی کا عمل مزید پھلے پھولے گا اور بہتر ہوگا ۔ چیف جسٹس کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے اقدامات میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ چیف جسٹس نے تمام ججوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو انصاف کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کام جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے گرمیوں کی چھٹیوں میں بینچوں میں بیٹھنے پر فاضل ججوں کی لگن اور عزم کو سراہا ۔ اجلاس میں مختلف انتظامی اور عدالتی امور کا جائزہ بھی لیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :