انقلاب کے بعد آئین کے دیباچہ اور پہلے 40آرٹیکل کا نفاذ ہو گا،۱ب نیا معاہدہ عمرانی ہو گا جوانقلاب کے بعد عوام کو اقتدار منتقل کر ے گا ،طاہرالقادری ،حکمرانوں پر آئین کو معطل کرنے کے جرم میں غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے،سب کو معلوم ہے ایف آئی آرکس کے حکم پر نہیں درج ہو رہی شہباز شریف کے اقتدار میں ہوتے ہوئے کوئی عدل نہیں ہو سکتا، نوجوانوں کو انقلاب کے بعد کلیدی عہدوں پر بٹھا دوں گا،شہادت کو اتنا ہی آسان سمجھتا ہوں جس طرح ایک گھونٹ پانی پینا ہے ،پارٹی عہدیداران سے خطاب

جمعرات 10 جولائی 2014 07:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہاہے کہ انقلاب آئینی ،جمہوری اور پر امن ہو گا ۔انقلاب کے بعد آئین کے دیباچہ اور پہلے 40آرٹیکل کا نفاذ ہو گا۔ انقلاب کے بعد احتساب ہو گا جو لوگ ہمارے انقلاب کو خلاف آئین کہتے ہیں ان کی اپنی زندگیاں آئین کے مطابق نہیں گزر رہیں ۔آئین کے دیباچہ اور آرٹیکل5 میں درج ہے کہ اقتدار عوام پاکستان کا حق ہے۔

عوام اس اقتدار کو بطور امانت حکمرانوں کو منتقل کرتے ہیں۔حکمرانوں نے اس مقدس امانت میں مسلسل بد ترین خیانت کی ہے اس لئے معاہدہ عمرانی عملاً ٹوٹ چکا ہے۔اب نیا معاہدہ عمرانی ہو گا جوانقلاب کے بعد عوام کو اقتدار منتقل کر ے گا ۔ حکمران اقتدار کوذاتی مفادات کیلئے استعمال کر رہے ہیں اورحکمرانی کا آئینی،قانونی،اخلاقی اور جمہوری حق کھو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

آئین کے آرٹیکل 6 میں درج ہے کہ جو آئین کو منسوخ یا معطل کرے گا وہ غداری کا مرتکب ہو گا ۔

حکمرانوں پر آئین کو معطل کرنے کے جرم میں غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے۔یوم انقلاب کیلئے پورے ملک کے یوسی سطح کے عہدیداران سے مشاورت روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ شہادت کو اتنا ہی آسان سمجھتا ہوں جس طرح ایک گھونٹ پانی پینا ہے۔اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ قاتلوں کی ایف آئی آر درج ہو چکی جبکہ مقتولین کی ایف آئی آر آج تک درج نہیں ہوئی،سب کو معلوم ہے کہ FIRکس کے حکم پر نہیں درج ہو رہی ۔شہباز شریف کے اقتدار میں ہوتے ہوئے کوئی عدل نہیں ہو سکتا،ہم ٹربیونل کو مسترد کر چکے ہیں ۔انقلاب کے بعد جب عدالتیں آزاد ہونگی تب انصاف ہو گا ،اس وقت ظالم کٹہرے میں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان انقلاب کا ہر اول دستہ ہیں۔

انقلاب نوجوان لائیں گے اور نوجوانوں کو انقلاب کے بعد کلیدی عہدوں پر بٹھا دوں گا تا کہ وہ قوم کی خدمت کریں ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں نے ڈرنا ہوتا تو وطن واپس نہ آتامیں جان دینے سے نہیں گھبراتا ہوں،زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے میں اس عظیم کاز کیلئے شہید ہو جاؤں گا۔نوجوان نسل کے روشن مستقبل کیلئے آخری سانس تک لڑوں گا ،بیٹیوں کے سروں پر دوپٹہ دوں گا مجھے موت سے کوئی ڈر نہیں ۔میں وطن عزیز میں انصاف کی بحالی اور عوام کی خوشحالی تک لڑوں گا۔

متعلقہ عنوان :