شمالی وزیرستان آپریشن کے بعد افغانستان نقل مکانی کرنے والے بڑی تعداد میں پاکستانی خاندانوں کو ہنگامی امدادی خوراک کی ضرورت ہے‘ اقوام متحدہ

بدھ 9 جولائی 2014 07:05

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء) اقوام متحدہ نے کہاہے کہ افغانستان میں پاکستان سے حالیہ دنوں میں نقل مکانی کرنے والے متعدد پاکستانی خاندانوں کو فوری امدادی خوراک کی ضرورت ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان الحق نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وزیرستان آپریشن کے آغاز کے بعد 95 ہزار پاکستانی شہری نقل مکانی کرکے افعان صوبوں خوست اور پکتیکا پہنچے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان میں زیادہ تر خاندان چند اشیائے ضروریہ کیساتھ سرحد عبور کرکے افغان علاقوں میں پہنچے جہاں افغان کمیونیٹیز ان کی میزبانی کیلئے کوشاں ہیں تاہم انہیں فوری امدادی خوراک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اداروں اور ان کے ہیومینیٹیرین پارٹنرز نے وسط جون سے افغان علاقوں میں معاونت کے پیمانے میں بھی اضافہ کیا ہے اور 900 خاندانوں میں امدادی راشن تقسیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسیف‘ ڈبلیو ایچ او اور دیگر داروں نے 25 ہزار بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کی۔