پاکستان عوامی تحریک مشکل کی گھڑی میں پاک فوج اورIDPs کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، طاہر القادری ، ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے IDP,sکی قربانیاں یاد رکھی جائیں گی،متاثرین وزیرستان کے لئے سامان روانہ کرنے کے موقع پر گفتگو ،منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین وزیرستان کیلئے 12ہزار خوراک کے پیکٹ روانہ کر دئیے

بدھ 9 جولائی 2014 07:03

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء)منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین وزیرستان (IDPS) کیلئے 12ہزار خوراک کے پیکٹ 14ٹرکوں کے ذریعے روانہ کر دئیے۔14 ٹرکوں کے اس قافلے کو ڈاکٹر طاہر القادری اورانکے بیٹے ڈاکٹرحسن محی الدین نے دعاؤں کے ساتھ روانہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک حسب روایات مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج اور متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

افواج پاکستان کی قربانیاں قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اور فوج پوری قوم کا فخر ہے۔آپریشن کے دوران مذاکرات کی بات کرنے والے فتنہ و فساد پھیلانا چاہتے ہیں ۔قوم پہچان لے آپریشن کے دوران مذاکرات کی بات کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج کا کردار سنہرے حروف میں لکھا جائے گا ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 12ہزار پیکٹ روانہ کر رہے ہیں اور باقی بہت جلد دوسرے مرحلے میں روانہ کر دئیے جائیں گے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنی موجودگی میں راشن کے بیگز میڈیا کو کھول کر دکھائے جن میں آٹا ،چینی،گھی،چاول ،دالیں اور اشیاء خودونوش شامل تھیں ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے IDP,sکی قربانیاں بھی یاد رکھی جائیں گی ۔انہوں نے اپنا گھر بار چھوڑ اہے انہیں ہر گز بے سہارا نہیں چھوڑا جائے گا ۔بہت جلد وقت آنے والا ہے جب ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا ۔