چینی کمپنی نے پاکستان کو 75ریلوے انجنوں کی ایڈوانس رقم واپس کر دی، وزارت ریلوے نے نئے انجنوں کی خریداری کیلئے دوبارہ ٹینڈرنگ کا فیصلہ کر لیا

بدھ 9 جولائی 2014 07:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء) چینی کمپنی نے پاکستان کو 75ریلوے انجنوں کی ایڈوانس رقم واپس کر دی۔ وزارت ریلوے نے نئے انجنوں کی خریداری کیلئے دوبارہ ٹینڈرنگ کا فیصلہ کر لیا۔نجی ٹی وی کا ذرائع وزارت ریلوے کے حوالے سے کہنا ہے کہ چینی کمپنی ڈانگ فانگ نے انجن خریداری کی مد میں پیشگی لی گئی ایک کروڑ ستاون لاکھ 70ہزار ڈالر کی رقم واپس کر دی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے ناقص انجنوں کی فراہمی پر دو ہزار آٹھ میں ہونے والا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا اور چینی کمپنی ڈانگ فانگ کو بلیک لسٹ کر دیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت ریلوے نے نئے انجنوں کی خریداری کیلئے دوبارہ ٹینڈرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ریلوے کے 423انجنوں میں سے 126چالو حالت میں ہیں۔ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مزید تین سو نئے انجن درکار ہیں۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ چینی بینک نے آٹھ کروڑ تراسی لاکھ ڈالر قرض ری شیڈول کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ بینک سے قرض فراہمی کا معاہدہ 75انجنوں کی خریداری کیلئے کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :