عمران خان چوروں،ڈاکوؤں اور لٹیروں کے ساتھ ملکر انقلاب نہیں لاسکتے، عابد شیر علی ،جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں،احتجاجی کی سیاست ہمیں بھی آتی ہے مگر ہم عوام کو اکسانا نہیں چاہتے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 9 جولائی 2014 07:02

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء)پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر نے کہا ہے کہ عمران خان چوروں،ڈاکوؤں اور لٹیروں کے ساتھ ملکر انقلاب نہیں لاسکتے،یہ بات انہوں نے منگل کی شام میپکو ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں،احتجاجی کی سیاست ہمیں بھی آتی ہے مگر ہم عوام کو اکسانا نہیں چاہتے،انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم بننے کا خواب ٹوٹا ہے،اس کی وجہ سے وہ حواس باختہ ہوگئے ہیں،انہوں نے کہا کہ 90دن میں انقلاب لانے کی باتیں کرنے والے خیبرپختونخوا میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ق لیگ کے دور میں وکلاء کو زندہ جلایا گیا،انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری پیپلزپارٹی کی حکومت بھی لپیٹنے کی باتیں کرتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ کینیڈا جاکر اللہ اللہ کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاک فوج کو کمزور کرنے کی سازشوں کا ساتھ نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم 6لاکھ متاثرین کی مدد کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ناداں دوستوں سے اجتناب کریں اور سوشل میڈیا کی زندگی سے باہر آجائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ رمضان المبارک کے دوران سحر وافطار میں 25سے30فیصد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سسٹم کی خرابی کی وجہ سے توانائی کا بحران ہے،جلد ہم اس پر قابو پالیں گے اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ بھی جلد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان فخر الدین جی ابراہیم کے لگائے ہوئے سندھ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے ریٹرننگ افسران کو تو صحیح کہتے ہیں جبکہ پنجاب میں دھاندلی کی بات کرتے ہیں اور انہیں پنجاب میں دھاندلی نظر آتی ہے ایسا نہیں ہے۔