الیکشن کمیشن کو ارسلان افتخار جیسے بدعنوان اور کرپٹ شخص کی درخواست پر کارروائی سے اجتناب کرنا چاہیے، ڈاکٹر شیریں مزاری ،ارسلان افتخار کی جانب سے عمران خان کے خلاف گمراہ کن الزامات کی تردید

منگل 8 جولائی 2014 07:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جولائی۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے ارسلان افتخار کی جانب سے تحریک انصاف کی قیادت خصوصاً چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف گمراہ کن الزامات کی تردید کی ہے اور اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسلان افتخار جیسے بدعنوان اور کرپٹ شخص کی درخواست پر کارروائی سے اجتناب کرنا چاہیے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ارسلان افتخار کے کردار سے پوری قوم بخوبی واقف ہے اور اس کی متنازعہ شخصیت سے پوری طرح آگاہ ہے۔ بلوچستان میں سرمایہ کاری کمیشن کی وائس چیئرمین شپ سے محرومی کے بعد ارسلان افتخار حواس باختہ ہے اور تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف ذاتیات پر مبنی رکیک حملوں پر اتر آیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ارسلان افتخار کی حرکات اور اس کے بیانات پر رد عمل کا اظہار مناسب نہیں سمجھتے تاہم ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن بھی اس جھوٹے اور بدعنوان شخص کے بدنیتی پر مبنی اقدامات پر وقت ضائع کرنے کی بجائے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دھاندلی میں کردار کی تحقیقات پر توجہ دے۔

ان کا کہنا ہے کہ پوری قوم چیئرمین تحریک انصاف کی شخصیت سے پوری طرح واقف ہے اور بطور کھلاڑی، سماجی کارکن اور سیاسی رہنما ان کی خدمات کی متعرف ہے۔ تحریک انصاف کا ملک کی دوسری بڑی سیاسی جماعت کی صورت میں ابھر کر سامنے آنا چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے قوم کی وابستگی کی واضح مثال ہے جسے جھٹلانا ممکن نہیں، چنانچے ارسلان افتخار اور اس قماش کے دیگر افراد کی جانب سے مخصوص سیاسی قوتوں کی پشت پناہی پر شروع کیے گئے اوچھے ہتھکنڈروں سے تحریک انصاف کو اس کے مقاصد کے حصول سے باز رکھنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی اور تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان چیئرمین کے خلاف ہر حملے کا پوری طرح دفاع کرینگے۔

انہوں نے زوردے کر کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے حکومتی صفوں میں کھلبلی پیدا کر رکھی ہے جس کی وجہ سے ارسلان افتخار جیسے کرداروں کو سیاسی پردے پر سامنے لایا جا رہا ہے تاہم تحریک انصاف ان بہیودہ ہتھکنڈوں کی سختی سے تردید کرتی ہے اور تحریک انصاف کی قیادت خلاف ان سازشوں کو مسترد کرتی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے ونسٹن چرچل کے مشہور قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی سیاست دان کا یہ کہنا کہ ” اگر آپ راستے میں بھونکنے والے ہر کتے پر پتھر پھینکے گے تو آپ کبھی اپنی منزل نہیں پا سکتے“ اس ضمن میں ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔