ارسلان افتخار کاعمران خان کی نا اہلی کیلئے ریفرنس دائر کر نے کا اعلان ،عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں2بیٹوں کا ذکر کیا ہے ، بچی کا نام نہیں دیا ، ارسلان افتخار

منگل 8 جولائی 2014 07:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جولائی۔2014ء) سابق چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چوہدری کے صاحبزادے ارسلان افتخار نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی نا اہلی کیلئے ریفرنس دائر کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں دو بیٹوں کا ذکر کیا ہے ، بچی کا نام نہیں دیا ، تحریک انصاف کے چیئر مین صادق اور امین نہیں ہیں ، اور اپنے کاغذات نامزدگی میں کچھ حقائق چھپائے ہیں لہذا عمران خان رکن قومی اسمبلی کے اہل نہیں رہے ،میرے والد کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ، تھنک ٹینک بنارہے ، جلد امریکی عدالت کا عمران خان کیخلاف فیصلے کو ریفرنس میں شامل کیا جائیگا ۔

پیر کو سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کو عمران خان کے کاغذات نامزدگی اور اثاثہ جات کی نقول حاصل کر نے سے متعلق درخواست دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ا رسلان افتخار نے کہاکہ عمران خان نے 2013ء کے جنر ل الیکشن میں چارنشستوں سے انتخاب لڑااورراولپنڈی کے حلقہ این اے 56کی نشست اپنے پاس رکھی عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں کچھ حقائق چھپائے ہیں جس کے باعث وہ آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پور انہیں اترے اس حوالے سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی اور اثاثہ جات کی نقول دی جائیں تاکہ انہیں ریفرنس کا حصہ بنا سکوں

ایک سوال کے جواب میں ارسلان افتخار نے کہاکہ عمران خان پاکستانی شہری ہونے کے ناطے درخواست دی ہے کیونکہ عمران خان کی انتخابی اہلیت کے متعلق ابہام پیدا ہوا ہے اور روہ رکن قومی اسمبلی کے اہل نہیں رہے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں دوبیٹوں سلمان اور قاسم کا ذکر کیا ہے مگر ایک بچی ٹیریان خان کے بارے میں نہیں بتایا اور اسی قسم کی کئی غلط بیانیوں کے حوالے سے دستاویزات موجود ہیں جسے سامنے رکھتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ارسلان افتخار نے کہاکہ سیاسی لیڈر معاشرے کیلئے مثال ہوتے ہیں پاکستانی شہری ہونے کے ناطے سب کا حق ہے کہ وہ اپنے ملک کے قائدین سے پوچھیں سیاست میں آنے سے متعلق سوال پر ارسلان افتخار نے کہاکہ مجھے عوام کی خدمت کرنی ہے ضروری نہیں کہ سیاست کے ذریعے کی جائے سیاست بھی وقار ہے جس کے ذریعے عوام کی خدمت کی جاتی ہے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے سیاست میں آنے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میرے والد کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں وہ تھنک ٹینک بنارہے ہیں ۔

ارسلان افتخار نے کہاکہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹ مینٹ میں تقرری پر عمران خان نے ان پر بے بنیاد الزامات لگائے اور اب بھی چیلنج کرتا ہوں کہ الزامات ثابت ہونے پر عمران خان جو سزا تجویز کریں گے وہ قبول کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری بھی عمران خان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرینگے۔عمران خان کیخلاف کارروائی کے دوران بیرون مدد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ارسلان افتخار نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ثبوت اکھٹے کرنے کیلئے امریکی عدالت سے بھی رابطہ کیا ہے اور جلد امریکی عدالت کا عمران خان کیخلاف فیصلے کو ریفرنس میں شامل کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :