وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کا مقصدملکی مسائل تھے، چودھری نثار ،یہ کیسے ممکن ہے کہ ملک مسائل کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے اور ذاتی مسائل لیکر بیٹھ جائیں، ایسا نہ کبھی پہلے ہوا ہے اور نہ آئندہ ہوگا،ملاقات کے دوران کسی وزیر کی شکایت لگائی نہ کسی وزیرنے میری وزارت میں مداخلت کی اور نہ کوئی کر سکتا ہے، بیان

منگل 8 جولائی 2014 07:04

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جولائی۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے واضح کیا ہے کہ دوروز قبل وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کا مقصدملکی مسائل تھے، یہ کیسے ممکن ہے کہ ملک مسائل کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے اور وہ ذاتی مسائل لیکر بیٹھ جائیں، ایسا نہ کبھی پہلے ہوا ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔

ملاقات کے دوران کسی وزیر کی شکایت نہیں لگائی ، نہ کسی وزیر نے ان کی وزارت میں مداخلت کی اور نہ کوئی کر سکتا ہے۔اس امر کا اظہار انہوں وزارت داخلہ سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ مجموعی طور پران کے تعلقات نہ صرف کابینہ بلکہ پوری پارلیمانی پارٹی سے انتہائی خوشگوار ہیں اور انہیں یہ سن اور پڑھ کرحیرت ہوئی کہ بار بار وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا نام اس سلسلے میں لیا جاتا رہا۔

(جاری ہے)

حالانکہ انکے درمیان کوئی غلط فہمی تو درکنار ایک عزت و احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ اور مجموعی طور پر یہی ماحول باقی کابینہ کے ارکان کے حوالے سے ہے۔چوہدری نثار علی خان نے اس تاثر کو بھی یکسر مسترد کر دیا کہ پارٹی میں ایک سے زیادہ گروپس بن چکے ہیں۔ہاں اگر کوئی ا پنی ذاتی مشہوری کے لیے یا ایک آدھ وزیر اپنے بغض کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لئے چھپ کر کچھ کارروائیوں کو ہوا دے رہا ہے تو نہ تو اس کارروائی کی کوئی اہمیت ہے اور نہ مجھے اس سے کوئی تشویش ہے۔ کیونکہ سیاسی پارٹیوں میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔مجھے تشویش اس دن ہو گی جب مجھ پر تنقید یا مخالفت ایک ایسی سمت یا شخص کی طرف سے ہو جو باکردار بھی ہواور سچا اور دیانت دار بھی۔