تمام مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کیا جائے،آرمی چیف کی افسروں اور جوانوں کو واضح ہدایت ، دہشت گردوں کا ان کے مکمل خاتمے تک ملک بھر میں تعاقب جاری رکھیں گے، انشاء اللہ اپنا مشن پورا اور پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے، فوج مشکل کے وقت میں قبائلی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی،آئی ڈی پیز کی بحالی اور تعمیر نو میں بھرپور کردار اداکرے گی، جنرل راحیل شریف کا شمالی وزیرستان اگلے مورچوں کے دورہ کے دوران بات چیت

منگل 8 جولائی 2014 07:04

راولپنڈی/شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جولائی۔2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آپریشن میں مصروف فوجی افسران اور جوانوں کو واضح ہدایت دی ہے کہ تمام مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کیا جائے اور کہا ہے کہ دہشت گردوں کا ان کے مکمل خاتمے تک ملک بھر میں تعاقب جاری رکھیں گے۔ انشاء الله اپنا مشن پورا کریں گے اور پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے، فوج مشکل کے وقت میں قبائلی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی،آئی ڈی پیز کی بحالی اور تعمیر نو میں فوج بھرپور کردار اداکرے گی۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پیر کو شمالی وزیرستان ایجنسی میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہیں جنرل آفیسر کمانڈنگ کی طرف سے ضرب عضب آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

میران شاہ میں آپریشن میں مصروف پر عزم جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ان کے جذبے ‘ حوصلے اور اعلیٰ مورال کو سراہا اور آپریشن شروع ہونے سے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے آپریشن کی تیاری فوجوں کے تحرک اور آپریشن کیلئے پر عزم اقدامات پر پوری چین آف کمانڈ کو سراہا۔ جنرل راحیل شریف نے ایک مرتبہ پھر افسروں اور جوانوں پر زور دیا کہ تمام مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کیا جائے۔ حتمی مقصد کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کا پیچھا کیا جائے گا اور ان کے مکمل خاتمے تک ملک بھر میں ان کا تعاقب جاری رکھیں گے۔

انہوں نے پوری قوم کی حمایت اور امداد کو سراہا اور اس کا اعتراف کیا اور کہا کہ قومی جذبے اور واضح سمت میں ہم انشاء الله اپنا مشن پورا کریں گے اور پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے انہوں نے شہداء اور زخمیوں کو خاص طور پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ ریاست کی عملداری کی بحالی کیلئے قربانیاں دینے پر آئی ڈی پیز کی خدمات کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ملک بھر میں جس قومی جذبے اور حمایت کا اظہار کیا گیا ہے ہم اس کا اعتراف کرتے ہیں انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ فوج مشکل کے وقت میں قبائلی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور حکومت اور دیگر ادارے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

آرمی چیف نے متاثرہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں تعمیر نو اور معمول کی صورتحال کی بحالی کیلئے فوج کے کردار کا بھی یقین دلایا ۔ قبل ازیں میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی نے ان کا خیر مقدم کیا۔