اسلام آباد،گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا کی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات ،ملاقات میں وفاقی وزیر سے اسٹیٹ بینک کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا

پیر 7 جولائی 2014 04:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اشرف وتھراء نے وززارت خزانہ میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اتوار کے روز ملاقات کی جس دوران انہوں نے وفاقی وزیر سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کے دوران اشرف وتھراء نے سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن اور زرعی ترقیاتی بینک (زیڈ ٹی بی ایل) کے جانب سے مقررہ مدت کے اختتام کے بعد بھی ادا نہ کئے جانے والے قرضہ جات پر تفصیلی معلومات فراہم کیں،جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو مطلع کیا کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن (ایچ بی ایف سی) کی نئی انتظامیہ کی تقرریوں کے بعد اب ایچ بی ایف سی کے نئے بورڈ کی تقرریوں کا عمل جاری ہے اور بجٹ کے دوران کئے گئے اعلانات کے مطابق ادارے میں اصلاحات کی جائیں گی اور ادارے کو ری سٹرکچر کیا جائے گا ، جس کا بنیادی مقصد ادارے کو ایک مضبوط بیلنس شیٹ کے ساتھ ایک مزید فعال ادارہ بناناہے ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے اشرف وتھرا ء کو مزیدبتایا کہ اسی طرح زرعی ترقیاتی بینک کو چلانے کے لئے نئی انتظامیہ کی تقرری کی گئی ہے،اور حکومت نے پہلے ہی مطلع کر دیا ہے کہ زرعی قرضوں کی مدمیں 500 ارب روپے اسٹیٹ بینک کے زریعے زرعی ترقیاتی بینک کی شمولیت کے ساتھ کسانوں کو فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک کو یقین دھانی کروائی کہ ان مسائل کو ان اداروں کی متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ ا ٹھایا جائے گااس اس ھوالے سے جلد ہی ایک میکنزم بنایا جائے گا جس کے تحت وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذمہ واجب الاداء رقوم واپس کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں میں نئی انتظامیہ آئی ہے اور ان واجب الاداء رقوم کے حوالے سے جلد ہی این میکنزم بنانے کے حوالے سے کو شیشیں کی جائیں گی۔ملاقات کے دوران سیکریٹری وزارت خزانہ وقار مسعود،مشیر برائے وزارت خزانہ رانا اسد امین، اور وزارت خزانہ کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔