اسلام آباد ،عمران خان کا بنوں میں شمالی وزیرستان سے بے گھر افراد کے کیمپ کا دورہ ،مشکل کی اس گھڑی میں ان کی بھرپور مدد کا یقین دلاتے ہوئے عید الفطر ان کے ہمراہ گزارنے کا اعلان

پیر 7 جولائی 2014 04:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنوں میں شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے والے افراد کے کیمپ کا دورہ کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کی بھرپور مدد کا یقین دلاتے ہوئے عید الفطر ان کے ہمراہ گزارنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بنوں شہر کی دس لاکھ آبادی میں مزید سات لاکھ نفوس کا اضافہ ہو چکا ہے جن کے لئے خوراک، ادویات اور رہائش کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے، چنانچے وفاقی حکومت بے گھر خاندانوں کی دیکھ بھال کیلئے فوری طور پر مالی وسائل فراہم کرے۔

مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے بنوں میں آی ڈی پی کیمپ کے دورے کے دوران شمالی وزیرستان سے آنے والے قبائلیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کی مدد کیلئے ہر قسم کے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے آئی ڈی پیز کو پیش آنے والی مشکلات کے بروقت ازالے کیلئے خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ شکایات سیل کا افتتاح بھی کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اور کابینہ کے اراکان مشکل میں گھرے اپنے قبائلی بھائیوں کی خدمت کیلئے 24گھنٹے سرگرم رہینگے اور انہیں پیش آنے والے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

کیمپ کے دورے کے دوران چیئرمین تحریک انصاف نے اسپیکر خیبرپختونخواہ اسد قیصر اور صوبائی وزیر مال علی امین گنڈاپور کو مستقل طور پر بنوں میں قیام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے تحفظ کیلئے مکمل اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پی کیمپ کی حفاظت کیلئے دستیاب پولیس ناکافی ہے چنانچے وفاقی حکومت سے ایف سی کے پانچ سو جوانوں کی تعیناتی کا تقاضہ کرینگے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے بنوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا اور یقین دلایا کہ غیر ملکی امدادی اداروں کی متاثرین تک رسائی یقینی بنانے کیلئے وہ وزیراعلی کے ساتھ مل کر چیف آف آرمی سٹاف سے بات کرینگے اور دنیا بھر سے مظلوم قبائلیوں کی مدد پر آمادہ اداروں کی علاقے تک رسائی ممکن بنانے کیلئے اقدامات اٹھائینگے۔

اپنی گفتگو میں بے گھر ہونے والے افراد کیلئے ادویات کی قلت کا تذکرہ کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آئی ڈی پی کیمپ میں فراہم کیا جانے والا آٹا جزوی طور پر ناقص ہے جس سے صحت کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے چنانچے وفاقی حکومت بروقت مداخلت کرے اور صحت مند خوراک کی متاثرین میں تقسیم یقینی بنائے۔ اس موقع پر انہوں نے ماہِ رمضان کے علاوہ عید الفطر بھی قبائلی عوام کے ساتھ گزارنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور خیبرپختونخواہ حکومت دکھ اور سکھ کی ہر گھڑی میں اپنے قبائلی بھائیوں کے ساتھ ہے اور ان کی دیکھ بھال کا فریضہ بخوبی سرانجام دیتی رہیں گی۔