پاک فوج کی خدمات ناقابل فراموش، ہم شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، الطاف حسین ،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بعد ملکی دولت لوٹنے والے اور کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف احتساب کا عمل شروع کیا جائے،پرویز مشرف پر ملک میں آرٹیکل 6 کے تحت مقدمے میں جو قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں ، ملک میں انقلاب آنے والا ہے ، قائد ایم کیو ایم

پیر 7 جولائی 2014 04:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہم فوج کو اپنے ہر ممکن غیر مشروط تعاون کا یقین دلاتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بعد ملکی دولت لوٹنے والے اور کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف احتساب کا عمل شروع کیا جائے،وقت آنے پر شیخ رشید کو تعلیم کے لئے اہم کردار دوں گا،پاکستانی شہری چاہے یہودی ہو یا احمدی سب کو جینے کا ھق ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو باغ جناح میں ایم کیو ایم کے زیر اہتمام فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے میں فوج کی خدمات کو خراج تحسین اور یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان کی مسلح افواج سے یکجہتی کا جو عظیم الشان تاریخی جلسہ منعقد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تاریخی اجتماع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایک فوجی ، ایک ایک جرنیل ، ایک ایک کورکمانڈر ، ایک ایک فوجی افسر اپنی آنکھوں سے دیکھ لے کہ پوری پاکستانی قوم آپ سے محبت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ یکجہتی اجتماع فوج کے جرنیل سے لیکر ایک جوان تک کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک کو اگر تباہ کرنا ہو تو اس میں رہنے والی تمام لسانی ، ثقافتی ، علاقائی ، صوبائی ، فقہی ، مسلکی ، مذہبی نفرتوں کے بیج بو دو ۔

اس ملک پر پھر کسی کو یلغار کرنے کی ضرورت نہیں تو وہ خود ہی ایک دوسرے سے لڑ کر مرجائیں گے اور ملک کو برباد کردیں گے ۔ الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کو بہت موقع دیا گیا اور ان کو وقت دیا گیا کہ وہ آئین و قانون کی پاسداری کریں لیکن انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ ان لٹیروں کو واپس چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے انہی ملکوں میں بھیج دیا جائے جہاں ان کا کالا دھن ہے اورپاکستان میں موجود ان کی املاک کو سرکاری تحویل میں لے کر اس سے وصول ہونے والی رقم کو قومی خزانے میں جمع کرادیا جائے اورن اکی املاک پر تعلیمی ادارے اور اسپتال قائم کردیئے جائیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ دوہرا نظام تعلیم ختم ہوگا ۔یا تو گرامر اسکول نہیں ہوگا یا ہوں گے تو سب گرامر اسکول اسٹینڈرڈ کے اسکول ہوں گے ورنہ شیخ رشید صاحب بھی یہاں بیٹھے ہیں۔ ان کو ذمہ داری دیدوں گا کہ جو دو نمبر ، تین نمبر کے اسکول چلائیں ،ان سے نمٹا جائے۔ میں نے تو برطانیہ کے پولیس لاک اپ بھی دیکھ لئے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے الطاف حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر ملک میں آرٹیکل 6 کے تحت ایک مقدمہ چل رہا ہے، اس مقدمے میں جو قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں ۔

الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں انقلاب آنے والا ہے ، میں پاک فوج کے سربراہ چیف آف آرمی اسٹاف ، ان کی ٹیم، ایک ایک افسر اور جوان کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جو پاکستانی شہری ہیں چاہے وہ عیسائی ہو ، یہودی ہو ، ہندو ہو ، سکھ ہو ، احمدیز ہوں کوئی بھی ہوں، انہیں آزادی کے ساتھ جینے کا مکمل حق حاصل ہے۔