پاکستان عوامی تحریک نے اندراج مقدمہ 22/A,22/B کے لیے درخواست دے دی،تحریک انصاف ، سنی اتحاد کونسل ، مسلم لیگ ق سمیت مختلف سیاسی جماعتیں بھی موجود،سیشن جج نے 8 جولائی کو SHO فیصل ٹاؤن سے رپورٹ طلب کر لی

ہفتہ 5 جولائی 2014 07:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جولائی۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں ڈاکٹر رحیق احمد عباسی،بشارت جسپال،فیاض وڑائچ،راجہ ندیم و دیگر نے مختلف سیاسی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف کے اعجاز چودھری،آل پاکستان مسلم لیگ نعیم طاہر،احمد رضا قصوری،ڈاکٹر امجد،سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا،عوامی مسلم لیگ،مسلم لیگ قائد اعظم،جمعیت اہل حدیث،ایم کیو ایم کے عامر بلوچ اور مختلف مذاہب کے رہنماؤں کی موجودگی میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی بابت درخواست برائے اندراج ایف آئی آر دی گئی تھی مگر پولیس نے حکمرانوں کے دباؤ اور بد نیتی سے FIRدرج نہ کی ۔

پولیس کے اس غیر قانونی فعل کے خلاف ان رہنماؤں نے سیشن جج لاہور کودرخواست برائے اندراج مقدمہ 22/A اور 22/B دے دی ہے تاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کے خلاف تھانہ فیصل ٹاؤن میں FIRدرج ہو سکے ۔

(جاری ہے)

پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے50سے زائد سینئر وکلا اس موقع پر پیش ہوئے۔وکلاء میں رہنا اعجاز(سابق صوبائی وزیر)،منصور الرحمان آفریدی ایڈووکیٹ،رفاقت علی کاہلوں ایڈووکیٹ،فصیح الدین چودھری ایڈووکیٹ،سردار غضنفر خان ایڈووکیٹ،اقبال ایڈووکیٹ،ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ،ذوالفقار چودھری،اشتیاق چودھری و دیگر وکلاء موجود تھے ۔ایڈیشن سیشن جج نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے 8جولائی کو SHOفیصل ٹاؤن سے FIR درج نہ کرنے پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔