لاہور، ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے زخمیوں نے بھی جوڈیشل ٹربیونل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے بیانات قلمبند کرانے سے انکار کر دیا

ہفتہ 5 جولائی 2014 07:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جولائی۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائدڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے زخمیوں نے بھی جوڈیشل ٹربیونل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے بیانات قلمبند کرانے سے انکار کر دیا۔گزشتہ روز ٹربیونل نے معمول کی رپورٹس اکٹھی کرنے کے بعد مزید کارروائی 9 جولائی تک ملتوی کر دی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل جوڈیشل ٹربیونل نے سانحہ ماڈل ٹاون کی تحقیقات کیلئے دسویں دن کی کارروائی کا آغاز کیا تو ٹربیونل نے حسب سابق کھلی سماعت کی بجائے ان کیمرہ سماعت کی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب الطاف حسین نے سانحہ ماڈل ٹاون کی روزانہ کی تفتیشی رپورٹ پیش کی ،

جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالروف نے بھی ٹربیونل کے روبرو رپورٹ جمع کرائی۔

(جاری ہے)

جس میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال میں زیر علاج وقاص، معراج دین، ارسلان اور ہارون ابھی چلنے کے قابل نہیں ہوئے، مناسب ہوگا کہ ان کے بیانات ہسپتال میں ہی ریکارڈ کر لئے جائیں، قائمقام سی سی پی او لاہور کی طرف سے رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے زخمیوں نے ٹربیونل کے روبرو بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ زخمیوں کے مطابق انکے قائد کا حکم ہے کہ کسی بھی جگہ پر اپنا بیان ریکارڈ نہ کرایا جائے، اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری نے بھی ٹربیونل کا بائیکاٹ کر دیا تھا ، جوڈیشل ٹربیونل نے سانحہ ماڈل ٹاون کی تحقیقات کیلئے مزید کارروائی 9 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :