مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج نے پونچھ میں تین کشمیری نوجوان شہید کر دیے،بھارتی وزیر اعظم آج مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے، سرینگر میں سخت خفاظتی اقدامات، مقبوضہ علاقے میں آج مکمل ہڑتال ہوگی

جمعہ 4 جولائی 2014 07:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جولائی۔2014ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پونچھ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے مینڈھر میں بالونی کے مقام پر ایک پرتشدد فوجی کارروائی کے دورن شہید کر دیا۔بھارتی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عسکریت پسند تھے۔

آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔دریں اثناء سرینگر کے علاقے پارمپورہ میں جے وی سی ہسپتال کے نزدیک ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے غلام محی الدین نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ کرگل میں اقبال بریج کے نزدیک موٹر سائیکل کے حادثے میں محمد حسین نامی شخص جاں بحق جبکہ فیروز احمد زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

زخمی شخص کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کرگل میں منتقل کیا گیا۔

ادھرمقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کی وجہ سے نام نہاد سیکورٹی کے نام پر سرینگر میں انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم 4جولائی بروز جمعہ کو مقبوضہ وادی کے ایک روزہ دورے پر آئیں گے۔ سرینگر میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شہر میں لگے ناکوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

بیجا ناکوں اور تلاشی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔نریندر مودی کا وزیر اعظم بننے کے بعد یہ مقبوضہ کشمیر کا پہلا دورہ ہے۔ ان کی حفاظت پر معمور سپیشل سروسز گروپ سے وابستہ 80 کمانڈوز نے منگل کو ادھمپور اور سرینگر پہنچ کر ان مقامات کا دورہ کیا جہاں وزیر اعظم نے جانا ہے۔یاد رہے کہ نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر تمام آزادی پسند قیادت نے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔

متعلقہ عنوان :