کراچی میں کالعدم تحریک طالبان کے 40 گروپ شہر میں موجود ہونے کا انکشاف ،تحریک طالبان سواتی گروپ کے 150 سے زائد دہشت گرد شہر قائد میں موجود ہیں،پولیس حکام

جمعہ 4 جولائی 2014 07:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جولائی۔2014ء)کراچی میں کالعدم تحریک طالبان کے 40 گروپ شہر میں موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تحریک طالبان سواتی گروپ کے 150 سے زائد دہشت گرد شہر قائد میں موجود ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق شہر قائد کا امن تباہ کرنے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 40 گروپ ملوث ہیں۔ ہر گروپ نے اپنا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

شہر میں صرف سواتی گروپ کے ہی 150 سے زائد دہشت گرد متحرک ہیں جو پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ تھانوں پر بھی حملے کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سواتی گروپ کے یہ خونخوار دہشت گرد صرف اپنے ساتھیوں کے ساتھ منسلک ہیں۔ یہ کسی دوسرے گروپ کے ساتھ مل کر کام نہیں کرتے جس کے باعث ان کے بارے میں معلومات انتہائی مشکل سے ملتی ہیں۔ شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن سے سواتی گروپ کا نیٹ ورک تباہ ہوا لیکن ختم نہ ہو سکا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اب ان دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ہے جس کے تحت سواتی اور دیگر گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔