عنقریب یوم انقلاب کا اعلان کرنے والا ہوں،انقلاب کو سونامی کی کوئی ضرورت نہیں،ڈاکٹر طاہرالقادری،حکومت چند روز کی مہمان ہے،100کھرب سونے کی کان پر چور کو رکھوالا بٹھا دیا ہے،دہشتگرد حکمرانوں کے نوکروں کی وردیاں نوچ لیں گے،لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 4 جولائی 2014 07:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جولائی۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عنقریب یوم انقلاب کا اعلان کرنے والا ہوں،انقلاب کو سونامی کی کوئی ضرورت نہیں،حکومت چند روز کی مہمان ہے،100کھرب سونے کی کان پر چور کو رکھوالا بٹھا دیا ہے،دہشتگرد حکمرانوں کے نوکروں کی وردیاں نوچ لیں گے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عنقریب یوم انقلاب کا اعلان کرنے والا ہوں،ہمارا انقلاب سالوں اور مہینوں پر مشتمل نہیں ہوگا صرف15روز میں فیصلہ ہوجائے گا،ہمارے انقلاب کو کسی سونامی کی ضرورت نہیں،خدا کرے کہ سونامی اور انقلاب کسی ایک پوائنٹ پر ملیں،ہمارے انقلاب کو صرف اللہ اور عوام کی طاقت پر بھروسہ ہے،عوام قاتل حکمرانوں کو سڑکوں پر گھسیٹیں گے،انہوں نے کہا کہ انقلاب اس قوم کے ساتھ میری کمٹمنٹ ہے جو لوگ کہتے ہیں کہ انقلاب پیک ہوگیا ہے وہ اپنی زبانیں بند کریں،انہوں نے کہا کہ حکومت چند روز کی مہمان ہے ملک دشمن اور جمہوریت کش حکمرانوں کا جلد خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کو خبردار کرتا ہوں کہ غیر قانونی احکامات نہ مانیں اور اپنی سمت درست کرلیں اور ہمارے کارکنوں کو حراساں نہ کریں،ریاست اور آئین کے وفادار بن جائیں،سرکاری ملازمین نوکریاں چھوڑ دیں،دہشتگرد حکمرانوں کے غیر قانونی احکامات ماننا بند کردیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد حکمرانوں کے نوکروں کو آخری کال دیتا ہوں کہ سدھر جاؤ ورنہ عوام اور کارکن تمہاری وردیاں نوچ لیں گے،انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے صاحبزادے کو سونے کی کان کا رکھوالا بنا دیاگیا،ٹینڈر دینے والوں کو کہتا ہوں کہ وہ ٹینڈر منسوخ کردیں اور رسک نہ لیں۔