افغانستان کا اہم حکومتی، فوجی افسران پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد آج اسلام آباد پہنچے گا ، پاکستانی حکام سے پاک افغان سرحد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کر ے گا، وفد کو پاکستان کی طرف سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے گا

جمعرات 3 جولائی 2014 05:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جولائی۔2014ء) افغانستان کا اہم حکومتی اور فوجی افسران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد آج جمعرات کو اسلام آباد پہنچے گا جو پاکستانی حکام سے پاک افغان سرحد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کر ے گا‘ یہ وفد اس حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے خدشات اور تحفظات کو دور کرنے کیلئے پاکستان آرہا ہے ۔

امکان ہے کہ یہ وفد اس ورکنگ گروپ میں بھی اپنے ملک کی نمائندگی کرے گا جس کے قیام کا فیصلہ افغانستان کے قومی سلامی کے مشیر ڈاکٹر سنگین دادفرسپانتا اور نائب وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان میں کیا گیا تھا

یہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا مقصد بھی دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانا اور ایک دوسرے کے خدشات دور کرنا ہے پاکستان بار بار زور دے چکا ہے کہ وہ افعانستان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر یقین رکھتا ہے اور افغانستان کی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مولوی فضل الله سمیت ان تمام شخصیات کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اگر ضرورت محسوس کی گئی تو افغان وفد دونوں ملکوں کے درمیان سرحد کا بھی دورہ کرے گا تاکہ تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق اس وفد کو پاکستان کی طرف سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔