وزیراعظم کا رواں ہفتے قومی سلامتی اجلاس بلانے کا فیصلہ،وزیراعظم جلد ایک روزہ دورے پر کراچی جائیں گے اور کراچی آپریشن کے سخت ترین مرحلے کی منظوری دیں گے،وزیر داخلہ چو ہدری نثا ر کو بھی ہٹا نے کا فیصلہ ذمہ داریاں عبدالقادر بلوچ کو سونپے جا نے کا امکا ن ،ذرائع

جمعرات 3 جولائی 2014 05:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جولائی۔2014ء ) تحفظ پاکستان بل 2014ء کی سینیٹ سے منظوری کے بعد ملک کو امن عامہ کے دشمنوں سے پاک کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قانون شکنی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حتمی فیصلہ کرنے کیلیے وزیراعظم نوازشریف نے رواں ہفتے قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے.اہم اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں اورصوبائی حکومتوں کے سربراہان کو باور کرائیں گے کہ سینیٹ میں حکومت کی عددی اکثریت نہ ہونے کے باوجود تحفظ پاکستان بل کی منظوری بڑی کامیابی ہے۔

اب حکومت اور اپوزیشن کی تمام پارٹیاں اور عوام یہ توقع رکھتے ہیں کہ کراچی میں امن عامہ کے دشمنوں کے خلاف جاری آپریشن سمیت ملک بھر سے قانون شکن عناصر کا مکمل خاتمہ کیاجائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اپنے دورہ لندن کے دوران نجی معالج سے عارضہ قلب کے حوالے سے تفصیلی چیک اپ بھی کرائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اپنے انتہائی قریبی معتمد ین اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ذریعے وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کے سامنے یہ تجویز بھی رکھیں گے کہ چونکہ آپ کو آرام کی ضرورت ہے اس لیے وقتی ضرورت کے تحت وزارت داخلہ کا قلمدان یا اضافی ذمہ داریاں عبدالقادر بلوچ کو سونپ دی جائیں۔

تحفظ پاکستان بل کی منظوری کے بعد وزیراعظم رواں ہفتے کے اختتام یا آئندہ ہفتے کے آغاز پر ایک روزہ دورے پر کراچی جائیں گے اورکراچی آپریشن کے سخت ترین مرحلے کی منظوری دیں گے۔