آپریشن ضرب عضب دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا ،دہشتگردوں کو چن چن کر مار دینگے،خواجہ محمد آصف، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، کراچی میں تین سے چار ماہ کے دوران ہونے والے آپریشن کے نتائج مثبت ملے ہیں، فاٹا میں آپریشن کو زیادہ موثر کیا جارہا ہے،وزیر دفاع کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 جولائی 2014 05:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جولائی۔2014ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کومحفوظ بنانے کیلئے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، دہشتگردوں کو چن چن کر مار دینگے دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ، دہشتگردوں کیخلاف حکومت اور پارلیمنٹ ایک پیج پر ہیں ۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف ہمارے فوجی جوان شمالی وزیرستان میں زمینی کارروائی میں آگے بڑھ رہے ہیں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور دہشتگردوں کے مکمل صفایا تک آپریشن جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن پر حکومت اور پارلیمنٹ ایک پیج پر ہیں جو حکومت سے ہورہا ہے وہ کررہی ہے جو مسلح افواج کررہی ہے وہ بھی قابل تحسین ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں تین سے چار ماہ کے دوران ہونے والے آپریشن کے نتائج مثبت ملے ہیں فاٹا میں آپریشن کو زیادہ موثر کیا جارہا ہے تاکہ اس کاردعمل کراچی میں نہ آئے سیاسی اور عسکری قیادت ملک میں قیام امن کیلئے مل کر کام کررہی ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت دہشتگردی کیخلاف جو قربانیاں ہم دے رہے ہیں انہیں تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا ایک سوال پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ فضل اللہ سے متعلق حکومتی موقف اخباروں میں شائع ہوچکا ہے جبکہ سابق ترجمان پاک فوج اطہر عباس کے گزشتہ روز دیئے جانے والے بیان پر کسی بھی سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے بیان پر کوئی رائے نہیں دے سکتا ۔