وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے چیف الیکشن کمشنر کیلئے نام طلب کر لئے ، تحفظ پاکستان بل قومی اسمبلی میں بھی اتفاق رائے سے منظور ہونا چاہئے،خورشید شاہ،تھر کے مسئلہ میں وفاق،فوج اور کے پی کے نے مدد کی تھی اس لئے ہم نے بھی تینوں کو عطیات دیئے ہیں،سپیکر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

بدھ 2 جولائی 2014 06:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جولائی۔2014ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے چیف الیکشن کمشنر کیلئے نام طلب کر لئے ہیں اور قائد حزب اختلاف نے کہا ہے کہ تحفظ پاکستان بل قومی اسمبلی میں بھی اتفاق رائے سے منظور ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق سے ان کے چیمبر میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ اگر قائمہ کمیٹیوں میں تحفظ پاکستان اتفاق رائے سے منظور ہوگیا تو پھر قومی اسمبلی میں بھی اتفاق رائے سے منظور ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نام دے دیں، پارٹی اور اپوزیشن سے مشاورت کے بعد وزیر اعظم کو نام بھجوا دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کے لئے بھی نام سپیکر کو دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب تھر کا مسئلہ پیش آیا تو خیبر پختونخواہ،وفاق اور فوج نے بھی مدد کی تھی تو اس لئے ہم نے تینوں کو الگ الگ عطیہ دیا ہے ۔