کراچی، وزیراعظم نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نا قابل سماعت ہونے پر مسترد ، درخواست غلط بیانی پر مشتمل ہے، وریر اعظم کا بیان توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتا ہے،سندھ ہائیکورٹ

بدھ 2 جولائی 2014 06:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جولائی۔2014ء) سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس احمد علی شیخ پر مشتمل سنگل بینچ نے وزیراعظم نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نا قابل سماعت ہونے پر مسترد کردی ہے ۔منگل کو دوران سماعت عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ درخواست غلط بیانی پر مشتمل ہے اور وریر اعظم کا بیان توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتا ہے ۔درخواست گزار محمود نقوی نے وزیراعظم نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیارکیا ہے کہ انہوں نے پشاور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کراچی میں جج خوفزدہ ہیں، اسلیے ملزمان کے خلاف فیصلہ نہیں دیتے۔

درخواست گزار کے مطابق وزیر اعظم کا یہ بیان توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے انھیں آئین کے آرٹیکل 204کے تحت نوٹس جاری کیا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے مطابق وزیر اعظم کے یہ الفاظ انتہائی شدید ہیں اور توہین عدالت کے مترادف ہے۔

اس سے پہلے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر توہین عدالت کے الزامات عائد ہوچکے ہیں کیونکہ آئین وزیر اعظم کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ استثنیٰ کی آڑ میں عدلیہ کامضحکہ اڑائیں اور اسکینڈلائزکریں۔

مذکورہ درخواست پرگذشتہ سماعت کے دوران عدالت نے آبزرو کیا تھا کہ توہین عدالت اور وزیراعظم کے استثنا سے متعلق آئین کے آرٹیکل 204, 248 کی مناسب وضاحت ہو،اس لیے سینئر آئینی ماہرین سے معاونت طلب کی تھی ۔ واضح رہے کہ فاضل بینچ نے اس معاملے کی سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دینے کے لیے بھی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے سفارش کی تھی تاہم چیف جسٹس نے پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔