قبائلی علاقوں میں ملکی و غیر ملکی دہشت گردوں کا بلاامتیاز خاتمہ کرینگے، نواز شریف ،شمالی وزیرستان میں حکومتی رٹ قائم کرینگے، ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،ایئرچیف سے ملاقات میں گفتگو،شمالی وزیرستان آپریشن کا فیصلہ صلاح مشورے اور ہر پہلو پر غور کے بعد کیا،وزیراعظم،فوج دہشت گردوں کا کوئی ٹھکانہ باقی نہیں رہنے دے گی،آپریشن مکمل ہونے کے بعد قبائلی علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کریں گے،بیان

بدھ 2 جولائی 2014 06:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جولائی۔2014ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن میں دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،مادر وطن کے دفاع میں پاک فضائیہ کا کردارکلیدی ہے ۔پوری قوم کو مسلح افواج کے کردار پر فخر ہے۔وہ منگل کو یہاں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم نے یقین دلایا کہ مسلح افواج کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔اس موقع پر ائیر چیف طاہر بٹ نے شمالی وزیرستان میں جاری ضرب عضب آپریشن میں پاک فضائیہ کے کردار پرنواز شریف کو بریفنگ دی جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو مسلح افواج پر فخر ہے اور پوری قوم اپنی افواج کی پشت پر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپریشن میں پاک فضائیہ کا اہم کردار ہے اور پوری قوم فضائیہ سمیت دیگر عسکری قوتوں کے کردار کو سراہتی ہے ۔

دریں اثناء وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق ایک بیان میں نواز شریف نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن میں دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب غضب انتہائی سوچ و بچار اور ہر پہلو پر غور کرنے کے بعد شروع کیا گیا ہے ۔

قبائلی علاقوں میں ملکی و غیر ملکی دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ۔افواج پاکستان قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کا کوئی ٹھکانہ موجود نہیں رہنے دے گی ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریاست قبائلی علاقوں میں اپنی مکمل عملداری قائم کرے گی اور آپریشن کی کامیاب تکمیل کے بعد قبائلی علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔