سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور امریکا میں پہلا روزہ اتوار کو رکھا گیا، پاکستان میں پہلا رو زہ آج رکھا جائے گا ، جوش و خروش سے تیاریاں جاری،رمضان المبارک کا چاند نظر آتے ہی مساجد کی رونقیں بھی دوبالا ہوگئیں، صوبائی حکومتوں کی طرف سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی،مساجد کا صرف ایک دروازہ آمد و رفت کیلئے مخصوص ہوگا، باقی دروازے بند رکھنے کا فیصلہ،مقامی تھانہ اپنے اہلکاروں کو علاقہ کی ساری مساجد پر تعینات کرنے کا پابند ہوگا

پیر 30 جون 2014 07:56

اسلام آباد /کراچی/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جون۔2014ء )سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور امریکا میں پہلا روزہ اتوار کو رکھا گیا جبکہ پاکستان میں پہلا رو زہ آج (پیر کو) رکھا جائے گا جس کے لئے جوش و خروش سے تیاریاں جاری ہیں اور رمضان المبارک کا چاند نظر آتے ہی مساجد کی رونقیں بھی دوبالا ہوگئی ہیں جبکہ صوبائی حکومتوں کی طرف سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے جس کے تحت مساجد کا صرف ایک دروازہ آمد و رفت کیلئے مخصوص ہوگا اور باقی دروازے بند کر دیئے جائیں گے اور مقامی تھانہ اپنے اہلکاروں کو علاقہ کی ساری مساجد پر تعینات کرنے کا پابند ہوگا ۔

مساجد نمازیو ں سے بھرنے سے اضافی صفیں بھی لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس موقع پر ملک و قوم کیلئے خصوصی دعاؤں کا سلسلہ بھی جاری ہوگیا ہے ، وفاقی حکومت نے مساجد و امام بارگاہوں کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کردیا۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے آتے ہی مساجد و امام بارگاہوں میں رونقیں بڑھ گئیں اور مساجد میں نمازیوں کی غیر معمولی تعداد کا اضافہ ہوگیاہے ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی بڑی مساجد و امام بارگاہوں، مدینہ مسجد، جامع مسجد غوثیہ، اللہ والی مسجد، امام بارگا ہ اثناء عشری جی سکس ٹو، الصادق ٹرسٹ، بلتستان کمپلیکس ودیگر جگہوں پر نمازیوں کا رش دیدنی تھا۔ غیر معمولی تعداد میں نمازیوں کی آمد کے باعث مساجد انتظامیہ کو اضافی صفیں بچھانا پڑیں ۔ اس موقع پر علمائے کرام نے ملک کی تعمیر و ترقی، قوم کی سلامتی اور پاک فوج کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی رمضان المبارک کی آمد کے سلسلے میں مساجد و امام بارگاہوں میں سیکورٹی کی بڑھادی ہے جبکہ پولیس کے گشت میں اضافہ کردیاگیاہے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔